|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان کے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں نے اپنے مطالبات کے حق کے سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا اور مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی مذاکرات کے لئے پہنچ گئے پولیس کی صحافیوں کیساتھ بدتمیزی گاڑیوں کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں نے اپنے مطالبات کے حق میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج دھرنا دے دیا احتجاجی دھرنے سے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں ملک نعیم بازئی ‘ ملک عثمان اچکزئی ‘ وڈیرہ امیرمحمد کھتیران نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں نے حلف اٹھایا ہے اب تک اختیارات نہیں دیئے گئے 4 سال گزرنے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو بغیر اختیارات کے چلایا جارہا ہے دھرنے کی اطلاع ملتے ہی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی مذاکرات کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے تاہم رات گئے مذاکرات جاری تھے ۔

میڈیا ‘ ڈسٹرکٹ چیئرمینوں کے دھرنے کی کوریج کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے پہنچی تو پولیس اہلکاروں نے صحافیوں کیساتھ بدتمیزی کی اور لائیوکوریج کے لئے گاڑیوں کو اجازت نہیں دی گئی ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین قلعہ عبداللہ ملک عثمان اچکزئی نے ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں نے اپنے مطالبات کے حق کے سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے اس وقت تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا اگر ہمارے ساتھ کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔