کوئٹہ: صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کی بہترکارکردگی اور فعالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور آئندہ مالی سال 2017-18کے بجٹ میں بلدیاتی اداروں کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے تاکہ عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیرخزانہ سردار محمد اسلم بزنجو نے ضلعی کونسل کے چیئرمینوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال ، شیخ جعفر خان مندوخیل ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری لولکل گورنمنٹ بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وزراء کو بلدیاتی اداروں کے لئے مختص فنڈز کے اجراء میں تاخیر سمیت دیگر مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کی مظبوطی اور فعالی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور بلدیاتی اداروں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلدیاتی اداروں کے لئے ترقیاتی بجٹ کی مد میں دس فیصد رقم مختص کی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ بلدیاتی اداروں کے مختص فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو درپیش انتظامی مسائل کی حل اور ملازمین کو بروقت تنخواؤں کی وصولی میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائیگا۔
دریں اثناء بلوچستان کا نئے مالی سال 2017-18 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گابجٹ کا کل حجم 320 ارب روپے اور ترقیاتی بجٹ کا حجم80 ارب روپے جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کا حجم 240 ارب روپے ہونے کا امکان ہے امن وامان کے لئے38 ارب، تعلیم40 ارب روپے اور صحت کے لئے 37 ارب روپے رکھنے کی تجویز کی گئی ہے نئے مالی سال میں6 ہزار نئے آسامیاں رکھی جائے گی صوبائی بجٹ مشیر خزانہ سردار اسلم بزنجو آج ایوان میں بجٹ پیش کرینگے ۔
اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ پر لائحہ عمل ترتیب دیدیا ذرائع کے مطابق بلوچستان کا نئے مالی سال2017-18 کا بجٹ بلوچستان اسمبلی میں آج شام4 بجے مشیر خزانہ سردار اسلم بزنجو پیش کرینگے بجٹ سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا بینہ کے اجلاس میں منظوری دیں گے بجٹ کا حجم3 کھرب21 ارب روپے 70 کروڑ سے زائد ہو گا ترقیاتی بجٹ کا حجم 80 ارب جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کا حجم 240 ارب ہونے کا امکان ہے بجٹ خسارہ 42 ارب روپے ہونے کا امکان ہے ۔
بجٹ میں چیف منسٹر ڈویژنل ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے 76 ارب روپے مختص کئے گئے امن وامان کے لئے38 ارب ، تعلیم کے لئے40 ارب اور صحت کے لئے 37 ارب روپے رکھنے کی تجویز کی گئی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں10 فیصد اضافے کی تجویز ہے بجٹ میں مزدور کی کم سے کم اجرت15 ہزار رکھنے کی تجویز آئندہ مالی سال میں6 ہزار نئی آسامیاں رکھی جائے گی ۔
وفاقی بجٹ کے تحت بلوچستان کو2 کھرب 2 ارب 69 کروڑ روپے کے محصولات ملیں گے گیس رائلٹی کی مد میں 10 سے12 ارب روپے ملنے کا امکان ہے آئل گیس اور دیگر محصولات کی مد میں 34 ارب 19 کروڑ روپے ملے گا اپوزیشن نے بجٹ پر حکمت عملی ترتیب دیدی ۔
بلوچستان بجٹ آج پیش ہوگا بلدیاتی اداروں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے ،اسلم بزنجو
وقتِ اشاعت : June 15 – 2017