کوئٹہ: مشیر خزانہ بلوچستان سردار اسلم بزنجو نے بلوچستان کے مالی سال 2017-18ء کیلئے بجٹ جمعرات کو ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہآنے والے مالی سال 2017-18میں اَمن و اَمان کیلئے غیر ترقیاتی بجٹ میں (30.609بلین روپے )مختص کئے گئے ہیں۔
جو موجودہ مالی سال کے مُقابِلے میں تقریباً (14%) زیادہ ہیں آئندہ مالی سال میں سکیورٹی اہلکاروں کی ٹریننگ میں مزید بہتری، تفتیشی کورسز کا آغاز، کوئٹہ میں تھانوں اور چوکیوں کی تعداد میں اضافہ، جوانوں کی ویلفیئر، ضروری قوانین کی منظوری وغیرہ جیسی اصلاحات کی جائینگی پولیس اور لیویز فورس کو موجودہ حالات اور چیلنجِز سے نمٹنے کے لئے جدید خطوط پر منظم کیا جارہا ہے۔
اِس سلسلے میں(326.5ملین روپے) کی خطیر رقم سے جدید اور معیاری اسلحہ فراہم کرنے کابندوبست کیاجارہا ہے اور دیگر ضروری آلات فراہم کرنے کی غرض سے (1.74بلین روپے ) مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں (300ملین روپے)کی خطیر رقم سے دس بلٹ پروف وا ہ فیکٹری سے تیار شدہ گاڑیاں لیویز فورس کو فراہم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے نوجوانوں کی اہلیت کوفوج سے ٹریننگ کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔
میرٹ پر پولیس افسران کی تقرریاں اور ترقیاں، پولیس میں سیاسی عدم مداخلت اور انٹیلی جنس فیوژن سیل کی مزید بہتر کار کردگی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ اِنسدادِ دہشت گردی کیلئے پولیس میں (CTD)کا قیام عمل میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ خصوصی انسدادِ دشت گردی فورس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔