ماسکو: روسی صدر نے امریکا کے ایک اور سابق انٹیلی جنس افسر کو سیاسی پناہ دینے کی پیش کش کردی تاہم پیوٹن کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا روس کا دشمن نہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی شو میں عوام کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی کو روس میں سیاسی پناہ دینے کی پیش کش کی۔
انہوں نے کہا کہ روس امریکا کو اپنا دشمن نہیں سمجھتا۔ امریکا میں ہمارے بہت سے دوست ہیں۔ ٹرمپ کے ساتھ ان کی بات چیت کو جیمز کومی نے لیک کرکے بہت عجیب و غریب کام کیا تاہم یہ اسی طرح کی حرکت ہے جو ایڈورڈ اسنوڈن نے کی تھی۔
اگر جیمز کومی کو امریکا میں ستایا اور پریشان کیا جاتا ہے تو وہ انہیں روس میں سیاہ پناہ دینے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ روس نے سی آئی اے کے سابق جاسوس ایڈورڈ سنوڈن کو بھی سیاسی پناہ دی ہوئی ہے، جنہوں نے دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے کی جانے والی امریکی جاسوسی کا بھانڈا پھوڑا تھا۔