|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2017

کوئٹہ : پولیس نے چمن میں بم دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ غیر ملکی دہشتگرد کو گرفتار کر لیا ملزم نے چمن کے علاقے ٹرنچ روڈ، ریلوے روڈ اور گرلز کالج کے سامنے بم دھماکوں کا اعتراف کیا ہے ذرائع کے مطابق کوئٹہ پولیس نے دس روز قبل افغان دہشتگرد کو گرفتار کیا مذکورہ دہشتگرد 2 سال قبل چمن کے علاقے میں ہونیوالے بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہے ۔

ذرائع کے مطابق گرفتار افغان دہشتگرد نور احمد سے چمن پولیس نے تفتیش کی جس میں گرفتار دہشتگرد نے2 سال قبل چمن ٹرنچ، ریلوے روڈ اور گرلز کالج کے سامنے دھماکوں کا اعتراف کیا ہے۔

ان دھماکوں میں متعد د افراد جاں بحق و زخمی ہو ئے تھے بتایا جا تا ہے کہ دہشتگرد دھماکوں کے لئے افغانستان سے فی دھماکہ 1 لاکھ روپے وصول کر تا تھا اور دھماکے کے بعد دھماکہ کرنیوالے دہشتگرد کو50 ہزار روپے دیتا تھا۔

ذرائع کے مطابق قندھار میں ڈاکٹر نامی شخص پاکستان میں ہونیوالے دھماکوں کے لئے فنڈنگ کر تا تھا مذکورہ دہشتگرد کو ابتدائی تفتیش کے بعد افغان دہشتگرد کو واپس کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔