کوئٹہ: گوادرمیں پاک بحریہ کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دواہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گوادر سے تقریباً 80کلومیٹر دورساحلی شہر جیوانی میں افطار سے کچھ دیر پہلے پیش آیا ۔
پاک بحریہ کے چھ اہلکار سنگل پک اپ گاڑی میں اپنے کیمپ سے معمول کے مطابق افطار کا سامان خریدنے جیوانی بازار آئے تھے سامان کی خریداری کے بعد واپس جاتے ہوئے گھات لگائے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر کلاشنکوف سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پاک بحریہ کا ایک جوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پانچ اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو جیوانی نیول بیس منتقل کیا گیا جہاں ایک اور زخمی اہلکار بھی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونیوانے والے کی شناخت خلیل اور حسن کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں یاسر، محتاب ، نصیر اور آصف شامل ہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، پاک بحریہ، ایف سی اور پولیس کے آفیسران اور اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پاک بحریہ کے تربت میں واقع مرکز پہنچائی گئیں جہاں سے انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کردیاگیا۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے فائرنگ کے واقعہ میں دو اہلکار وں کے جاں بحق ہونے اور تین کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شرپسندوں کی ایسی بزدلانہ کاررائیوں سے ہمارے حوصلے پسند نہیں ہوں گے اور ان شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں اہلکاروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اہلکار وں نے وطن کی راہ میں جانیں قربان کیں ۔ انہوں نے جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمن اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمیں مرعوب نہٰں کرسکتے، دہشتگردوں کا آخر تک پیچھا کرینگے۔
گوادر پاک بحریہ کی گاڑی پر مسلح افراد کا حملہ2اہلکار جاں بحق،4زخمی
وقتِ اشاعت : June 19 – 2017