کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان نے ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کی رہائشگاہ کے باہر ہونے والے بم دھماکے کو قابل مذمت واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو واقعہ کی تحقیقات اور اس میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی گئی ہے ۔
ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی اور شرپسندی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اوردہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ترجمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے جو تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔