کوئٹہ:کوئٹہ میں رکن بلوچستان اسمبلی کی تیز رفتار گاڑی نے ٹریفک پولیس آفیسر کو کچل دیا۔ زخمی آفیسر کو اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ چل بسا۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ۔
ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ نذیر احمد کرد کے مطابق ٹریفک سارجنٹ بیالیس سالہ حاجی عطاء اللہ دستی زرغون روڈ جی پی او چوک (فیاض سنبل چوک )پر ڈیوٹی پر موجود تھا اس دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار کر انہیں شدید زخمی کردیا۔ حادثے میں ایک اور شخص بھی زخمی ہوا۔ ٹریفک پولیس آفیسر کو زخمی حالت میں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ایس ایس پی ٹریفک کے مطابق رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کی تھی۔حادثے کے وقت گاڑی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی اور پبلک اکاؤٹس کمیٹی بلوچستان کے چیئرمین عبدالمجید اچکزئی گاڑی میں موجود تھے۔ پولیس نے گاڑی تحویل میں لے کر رکن اسمبلی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ گاڑی رکن اسمبلی خود چلارہے تھے اس لئے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔
کوئٹہ،رکن اسمبلی نے ٹریفک سارجنٹ کو کچل دیا
وقتِ اشاعت : June 21 – 2017