|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2017

نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہاہے کہ بی این پی نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق اور ترقی کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔

این اے 260کے ضمنی الیکشن میں پارٹی امیدوار کو کامیاب بناکر ثابت کریں کہ بی این پی عوام کی نمائندہ جماعت ہے ،ان خیالات کا اظہار پارٹی سیکرٹریٹ میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے این اے 260کے امیدوار حاجی میر بہادر خان مینگل،ممبر سینٹرل کمیٹی میر خورشیدجمالدینی،ضلعی صدر نذیر بلوچ،ضلعی جنرل سیکرٹری میر ثناء اللہ جمالدینی نے بھی خطاب کیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ بی این پی نے ہرفورم پر عوام کے حقوق کے حصول کے لئے آواز بلند کی ہے ،اسی حقوق کی جدوجہد میں پارٹی نے ہر قسم کی قربانی دی ہے ،اس سلسلے میں شہدا کی ایک طویل فہرست ہے ۔

تمام مشکلات وچیلنجز کے باوجود نظریہ سیاسی سوچ وفکر کو پس پشت نہیں ڈالا،لیکن دوسری جانب ترقی پسندی وقوم پرستی کے دعویداروں نے بی این پی اور بلوچستان دشمنی کی انتہاء کرتے ہوئے شیطان پرستی کے لقب سے قوم پرستوں کو نوازنے والوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کرنے کی ابتداء کرتے ہوئے ترقی پسندی پر مبنی نظریہ اور سوچ وفکر کی دھجیاں اڑادی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وقت وحالات اور مستقبل کے چیلنجز کا تقاضا ہے کہ عوام کو پارٹی کے جھنڈے تلے جمع کرکے ان قوتوں کو شکست سے دوچارکریں،جوکہ ہر دور میں یہاں کے عوام کو پسماندگی اور بدحالی کا شکار بناکراپنے استحصالی طاقت وقوت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت آیا ہے کہ پارٹی امیدوار کو کامیابی سے ہمکنارکرکے استحصالی قوتوں اور انکے پیروکاروں کی بیخ کنی کریں۔