کوئٹہ: کوئٹہ میں پٹرول کی قلت برقرار ہے۔شہر کے بیشتر پٹرول پمپس، پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث بند ہوگئے۔ شہری پٹرول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔
تفصیل کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ تین روز سے شہر کے کسی بھی نجی پٹرول پمپ پر پٹرول نہیں مل رہا جبکہ پٹرول کا ذخیرہ رکھنے والے سرکاری پٹرول پمپس پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ڈیڑھ روپے کی کمی ہوتے ہی پٹرول پمپس سے پٹرول غائب ہوگیا ہے تاہم پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیڑول کی قلت کا تعلق پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہیں بلکہ کراچی سے پیڑول کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا ہے کیونکہ بیشتر ٹینکر ڈرائیور چھٹیاں گزارنے اپنے آبائی علاقوں کو گئے ہیں۔
نجی پٹرول کمپنیوں کے کوئٹہ میں ڈپو دستیاب نہیں ، ذخیرہ نہ رکھنے کی وجہ سے عید پر پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ پمپ مالکان کے مطابق پٹرول کی قلت کا مسئلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں حل ہوجائیگا۔
دوسری جانب آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار محمد اسماعیل نے بتایا کہ دو درجن سے زائد آئل ٹینکرز لکپاس پر پہنچ گئے ہیں جہاں پر ایف سی اہلکار کلیئرنس میں تاخیر کررہے ہیں۔ کلیئرنس ملتے ہی ٹینکرز کوئٹہ پہنچ جائیں گے اور پٹرول کی قلت ختم ہوجائے گی۔
کوئٹہ، شہر میں پٹرول کی قلت برقرار، بیشتر پٹرول پمپس بند
وقتِ اشاعت : July 3 – 2017