|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ کے فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل اسپتال میں زیر علاج ایک اور مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

رواں سال کانگو سے متاثرہ مرٰضوں کی تعداد گیارہ ہوگئی۔ اسپتال حکام کے مطابق کانگو وائرس سے متاثرہ مریض راز محمد کو بلوچستان کے ضلع لورالائی سے تین روز قبل ناک اور نہ سے خون بہنے کی شکایت پر لایا گیا تھا ۔

مریض کے نمونے ٹیسٹ کیلئے کراچی بجھوائے گئے ۔ ٹیسٹ رپورٹ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ شعبہ وبائی امراض میں داخل مریض کو طبی امداد دی جارہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک کم سن بچی میں بھی کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

پشین سے ایک خاتون اور قلعہ سیف اللہ سے ایک مرد کو بھی کانگو کے شبے میں اسپتال لایا گیا ہے۔ دونوں مشتبہ مریضوں کے مطلوبہ ٹیسٹ لیبارٹری بھجوادئیے ہیں ۔اسپتال حکام کے مطابق اس وقت کانگو وائرس کے دو متاثرہ مریضوں سمیت 5 افراد زیر علاج ہیں۔

رواں سال بلوچستان میں کانگو وائرس کے شبے میں پینتیس مریض فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ لائے گئے جن میں اب تک گیارہ مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور چھ مریض دوران علاج دم توڑ چکے ہیں۔

اسپتال کے شعبہ وبائی امراض کے سربراہ ڈاکٹر نصیر کے مطابق اپریل سے نومبر تک کانگو وائرس کے پھیلنے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے اس لئے شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔