|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں انشورنس کمپنیاں معصوم شہریوں کو سبز باغ دکھا کر لوٹنے کے گھناؤنے دھندے میں مصروف ہیں ۔

گزشتہ روز انشورنس کمپنی کے پالیسی ہولڈر کو کمپنی کے عملے نے ملی بھگت سے لاکھوں روپے سے محروم کر دیا واقعہ کے بعد دیگر پالیسی ہولڈرز میں بھی تشدید تشویش کی لہر دوڑ گئی تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں معروف نجی انشورنس کمپنی کی جانب سے معزز اور معصوم شہریوں کو بے وقو ف بنا کر لاکھوں روپے ہڑپ کر جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔

نجی کمپنی نے ایجنٹ پالیسیاں دیتے وقت شہریوں کو سبز باغ دکھاتے ہیں اور پھر انکو اس گورکھ دھندے میں پھنسا لیا جاتا ہے اور پالیسی ہولڈرز کے کلیم ملی بھگت سے دوسروں کو دے دےئے جاتے ہیں اور جو شخص پریمیم جمع کراتے ہیں انہیں یکسرنظر انداز کر کے من پسند لوگوں میں بندربانٹ کر دی جاتی ہے ۔

گزشتہ دنوں بھی اسی ملی بھگت اور لوٹ مار کا نشانہ کوئٹہ کے ایک شہری بنے جنھوں نے نجی کمپنی کی پالیسی لے رکھی تھی اور اس پالیسی نے اگلے سال میچورہونا تھا تاہم انکے خاندان کے کسی اور فرد نے کمپنی کے عملے سے جوڑ توڑ کر کے پالیسی کیش کراکر اصل مالک کو لاکھوں روپے سے محروم کر دیا۔

حالانکہ اس صورتحال سے انھوں نے کمپنی کو باضابطہ طورپر تحریری خط کے ذریعے آگاہ بھی کر رکھا تھا کہ انکی پالیسی کسی اور کو نہ دے دی جائے تاہم اسکے باوجود نجی کمپنی کے عملے نے ملی بھگت کے ذریعے سے پالیسی ہولڈر کو لاکھوں روپے سے محروم کر دیا ۔

متاثر شخص کا کہنا ہے کہ وہ انصاف کے حصول کیلئے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹانا پڑے تو وہ کھٹکھٹائینگے ساتھ ہی ساتھ انھوں نے نجی کمپنی کے دیگر پالیسی ہولڈرز کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ پالیسی کے حوالے سے مکمل طورپر جانچ پڑتال کریں کیونکہ لاکھوں کروڑوں روپے کے اس دھندے میں کمپنی کے ملازمین بھی ملوث ہیں ۔

اور معصوم شہریوں کو سبز باغ دکھا کر انکے پیسے ہڑپ لئے جاتے ہیں متاثرہ شخص نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کمپنی سے پالیسی لیتے وقت احتیاط سے کام لیں۔