خضدار: جمہوری وطن پارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری اور سیاسی و قبائلی رہنماء میر عبدالرؤف ساسولی نے کہاہے کہ بلوچستان میں سیاست مکمل طور پر پراگندہ ہوگیا ہے۔
آج صوبے میں ایک نشست پر ملاّ اور موالی اتحاد کرکے الیکشن لڑرہے ہیں ،سیاست غریب کی بس سے باہر ہوگئی ہے ، امیر اور سرمایہ دار طبقہ سیاست پر براجمان ہوتے چلے جار ہے ہیں ،سیاست میں اخلاقیات کا نام ونشان تک بھی موجود نہیں ہے ۔
سیاسی وفاداریاں اس تیزی کے ساتھ تبدیل ہورہے ہیں کہ پہلے گندے انڈے کے طور پر متعارف تھے اب وہ بد بودار انڈے بن چکے ہیں جن کی وجہ سے ملکی سیاست اپنی اصلی حیثیت کھوچکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار پریس کلب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر سابق ایم این اے منظوراحمد گچکی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ میر عبدالرؤف ساسولی نے کہاکہ حکومتیں ناکام اور قومی ادارے تبا ہ ہوچکے ہیں اگر ایسا نہیں ہوتا تو نیب کے خلاف سندھ میں قرار داد نہیں آتا اور اس کی حیثیت پر سوال نہیں اٹھائے جاتے ،بلوچستان میں سردار سرکاری چھڑی کے ذریعے عوام کو ہانک رہے ہیں ۔
ان تمام منفی رجحانات اور عصیبتوں کو چھوڑ کر ملک وقوم کی مفاد کو مد نظر رکھ کر آگے سوچنا ہوگا ، بلوچستان کے لوگ اتنے تنگ نظر بھی نہیں ہیں کہ جو انہیں سمجھا جارہاہے ، انہوں نے ہمیشہ اپنے خیرخواہ اور اچھے انسان کی تعریف کی ہیں بلکہ اس کے احسان کے بدلے میں اسے حسان سے نوازا ہے ۔
سید عبدالوحیدشاہ یہاں انتظامیہ آفیسر تھے اس کے لئے تو لوگ روڈ بند کرنے کے لئے نکلے اور اس کے احسان کو یاد کیا ، ہمارے لوگ احسان فراموش نہیں ہوسکتے ہیں وہ اچھے برے کی پہچان جانتے ہیں انہیں نفرت کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے اور نہ ہی ان سے نفرت کی گمان کیا جائے ۔
بلوچستان کی سیاست میں اخلاقیات کا نام ونشان تک نہیں، رؤف ساسولی
وقتِ اشاعت : July 9 – 2017