کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چےئرمین رکن قومی اسمبلی محترم مشر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آج کی اس پروگرام میں آپ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت کرکے ہمیں جو عزت بخشی ہے اللہ آپ کو بھی عزت دے ہم اور آپ ایک ہی ملت ہے اور ہمارا وطن اور ملک ایک ہے آپ نے اس دوستی کیلئے جس اخلاص کے ساتھ ہاتھ بڑھایا ہے ہماری دوستی کا ہاتھ بھی کٹ تو جائیگا لیکن پیچھے نہیں ہٹے گا ۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اس بات کو گناہ سمجھتی ہے کہ وہ کسی انسان سے رنگ ،نسل ، زبان اور مذہب کی بنیاد پر فاصلے رکھے بلکہ ہم اور آپ سب کو ہر انسان کے ساتھ ایک اچھے انسان کی حیثیت سے اچھا رویہ اپنانا ہوگا ۔ اور اللہ کے فرمان کے مطابق خیر اور تقویٰ کے کاموں میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور گناہ کے کاموں سے دور رہ کر جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے ۔
وہ ہزارہ ٹاؤن کرانی علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام ہزار ٹاؤن میں نمائندہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ جس سے پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑ ، سردار سعادت علی ہزارہ ، مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء ایم پی اے آغارضا ،جمال خان ترہ کئی، جعفر علی جعفری اور امان اللہ حیدری نے بھی خطاب کیا ۔
محترم محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخوا کا لفظ تنگ نظری کا نام نہیں بلکہ پشتونخوا کا مقصد پشتونخوا وطن سے مراد ہے اور پشتونخوا وطن میں رہنے والے جس کا کور اور گور غم اور خوشی اس وطن سے مربوط ہے ان سب کا حق ہمارے بچوں کے برابر ہے بلکہ پشتون افغان ملت نے ہر سطح پر اپنے تمام ہم وطنوں اور اقلیتوں کو ساتھ لیکر چلنا اس کی ذمہ داری ہے اور ہر ایک کو ان کے حق سے زیادہ دینا ہوگا ۔
ان کے حقوق واختیارات ، ترقی وخوشحالی کو ہر سطح پر مد نظر رکھ کر ان کے مادری زبانوں اور ثقافتوں کو ان کا اصل مقام دینا ہوگا اور یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ہر ہم وطن کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ بلا امتیاز تمام عوام کی سرومال کی حفاظت اور وطن کے قومی وطنی مفادات کے تحفظ اور ان کے تمام عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے مسلسل جدوجہد کی ہے اور پارٹی نے دہشتگردی ، فرقہ واریت اور ہر قسم کے تعصب وتنگ نظری کیخلاف انتہائی سنجیدگی کے ساتھ اپنے وطن کے تمام عوام کا دفاع کیا ہے ۔
مجلس وحدت المسلمین ، سردار سعادت خان ہزارہ اور ہزارہ غیور اولس کا فیصلہ دانشمندی پر مبنی ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہزارہ غیور عوام ہمیشہ کی طرح قومی وطنی جمہوری حقوق واختیارات کے حصول اور قومی مفادات کے تحفظ کی دفاع میں اپنا تاریخی رول ادا کرتے رہینگے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم اور آپ سب نے اس بات کو ذہن نشین کرنا ہوگا کہ بحیثیت انسان ہم سب نے کسی صورت میں ظلم وجبر اور بے انصافی کا ساتھ نہیں دینا اور اسی طرح اپنے وطن کی حفاظت اور اپنا حق بھی کسی صورت نہیں چھوڑنا ہے کیونکہ یہ بزدلی ہے اور سب سے اعلیٰ جہاد وقت کے ظالم حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق ہر صورت بلند کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ امن ترقی اور خوشحالی کی طرف دار ہے جنگ کی نہیں نئے زمانے کی جنگ بربادی ہے اسی لےئے ہم حکمرانوں سے مسلسل کہتے آرہے ہیں کہ ہوش کے ناخن لیکر بر سرزمین حقائق کا ادراک کرلیں ۔
نواز شریف کی یہ بات کہ ہم ایشیاء کے ٹائیگر بنے گیں صحیح ہے یہ اس وقت ممکن ہوگا جب ہمارے معاشرے میں ہر سطح پر انصاف ہوگا اور جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ نہیں چل سکتا ۔
دو بھائیوں اور شوہر اور بیوی کے درمیان بھی بغیر انصاف کے گھر تک نہیں چل سکتا لہٰذا پاکستان کی حکمران بھی بے انصافی سے ملک نہیں چلا سکتے ۔ اس لےئے ضروری ہے کہ سی پیک جیسے منصوبے اور ہر شعبے کی ترقی اس فارمولے میں ہیں کہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، ملک کی خارجہ وداخلہ پالیسی پارلیمنٹ کے تابع اور تمام اداروں کی طرف سے آئین کی پاسداری ، ملک کے تمام قوموں کے حق حکمرانی اور ان کے وطنوں میں اللہ کی دی ہوئی نعمتوں پر ان کے عوام کا حق واختیار عملاً تسلیم کرنا ہوگا ۔
تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرتے ہوئے باہمی احترام،برابری اور غیر جانبدار پالیسی اپنانی ہوگی۔ اور سعودی عرب اور ایران کے تنازعے میں غیر جانبدار ہوکر ایمانداری سے ان کے درمیان اگر ممکن ہوسکیں تو مصالحت کی کوشش کرنی چاہیے۔
ورنہ ان دونوں کے درمیان چپقلش تمام اسلام کی بربادی ہوگی اور اس سے پہلے عرب دنیا کی بربادی ہم اور آپ سب کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا مدفن اور پاکستان ہمارا ملک ہے علامہ اقبال نے بہت پہلے کہا تھا کہ افغانستان ایشیاء کا دل ہے اس میں آرام ہوگا تو سارے ایشیاء میں امن ہوگا اور افغانستان کی بدامنی کا مقصد سارے ایشیاء میں بدامنی ہوگی اور آج یہی صورتحال ہے ۔