مستونگ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ پارٹی ساتھیوں کی شہادت قتل و غارت گری سے ہماری اصولی سیاسی موقف سے کوئی دور نہیں کر سکتا ۔
ثابت قدمی کے ساتھ حق کی جدوجہد کو تقویت دیں گے شہید ملک نوید دہوار اور شہید ظریف دہوار کی شہادت افسوسناک اور ناقابل تلافی نقصان ہے شہید ملک نوید دہوار کے گھرانے سے بلوچ جہد میں بے شمار قربانیاں دی ہیں انہیں نذر انداز کرنا ممکن نہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے بزرگ رہنماء ملک سیف الدین دہوار کی رہائش گاہ جا کر ان سے ان کے بھتیجے شہید ملک نوید دہوار اور شہید ظریف دہوار کی شہادت پر فاتحہ خوانی کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عملی اور اصولی سیاسی موقف کی پاداش میں ہم سے بہت سے رہنماؤں و کارکنوں کو جسمانی طور پر ہم سے جدا کر دیا گیا نظریاتی اور روحانی طور پر ہماری ساتھیوں کی شہادت ہمارے لئے مشعل راہ ہے شہید امر ہوتے ہیں وہ کبھی مرتے نہیں شہید ملک نوید دہوار اور ان کی ساتھی کی شہادت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ صدیوں میں پر نہیں ہو سکے گا ۔
انہوں نے کہا کہ شہید نے ثابت قدم ہو کر ہمیشہ جدوجہد کی مسلسل اور مستقل مزاجی کے ساتھ ان کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اس سے قبل بھی اس خاندان نے بلوچ قومی جہد میں بے شمار قربانیاں دے کر جہد کو مضبوط و منظم بنایا اور ثابت قدم ہے ۔
آمردور حکمرانی ہو یا سول ڈکٹیٹروں کا ہر دور میں بلوچ سرزمین اور قومی جہد کے حوالے سے آواز بلند کرتے رہے ہیں خندہ پیشانی سے اذیت گاہوں میں صعوبتیں برداشت کرتے رہے جدوجہد کو اس طریقے سے ختم کرنا ممکن نہیں عوام کی طاقت کے ذریعے قومی فکری جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔
انہوں نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلوچ عوام اور پارٹی کارکنان جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے بلکہ قومی جمہوری سیاسی جدوجہد کے ساتھ وابستگی مزید بڑھتی جا رہی ہے ایسے اقدامات سے ہمیں کوئی اصولی موقف سے دور نہیں کر سکتا ہم اپنی جدوجہد کو مسلسل اور غیر متزلزل میں جاری رکھیں گے ۔
اس موقع پر ملک نور جان دہوار ، مرکزی لیبرسیکرٹری منظور بلوچ ، اختر حسین لانگو ، جاوید بلوچ ، ملک عبدالرحمان خواجہ خیل ، بسمل بلوچ ، عبدالرحمان بلوچ ، اقبال لہڑی ، حاجی وحید لہڑی بھی موجود تھے ۔
دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد سردار اختر جان مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر جہانزیب خان کاکڑ اور توصیف خان کاکڑ کی قیادت میں کاکڑ و دیگر پشتون قبائل کے سینکڑوں افراد نے قوم پرست جماعت سے مستعفی ہو کر پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔
اس موقع پر پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ تنگ نظری کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے ترقی پسند روشن خیال فکر کو پروان چڑھایا ہماری جدوجہد تمام اقوام کے حقوق کے حصول کیلئے ہے ہم نے معاشرے میں نفرت کی بجائے عوام کو شیروشکر کیا ۔
بلوچستان کی جدوجہد میں ماضی میں ہمارے آباؤ اجداد نے مشترکہ جدوجہد کی اور مل کر بے شمار قربانیاں بھی دیں ان ساتھیوں کا پارٹی میں شامل ہونا اس بات کی غمازی ہے کہ یہ ساتھی پارٹی موقف اور منشور سے متفق ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں امید کرتے ہیں کہ وہ پارٹی کو فعال اور مزید مضبوط کرنے میں اپنا سیاسی کردار ادا کر یں گے اس موقع پر اختر حسین لانگو ، لقمان کاکڑ و دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔
ملک نوید دہوار کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی ، پارٹی ساتھیوں کی قتل و غارت گری ہمیں اصولی سیاست سے دور نہیں کرسکتا،اخترمینگل
وقتِ اشاعت : July 13 – 2017