|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان جوکہ پاکستان کانصف ہے ملک کی معاشی اوراقتصادی ترقی میں اپنا بھرپورکرداراداکرنے کیلئے تیار ہے ۔

بلوچستان کی نوجوان نسل امن کے قیام اورمثبت سرگرمیوں کے فروغ میں پیش پیش ہے عوام کے تعاون اورسیکیورٹی فورسز کی قربانیوں وکاؤشوں سے مکران،آواران اورخضدارسمیت صوبہ بھرمیں امن قائم ہواہے جسے ہرصورت برقراررکھاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم انجم سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجنہوں نے بدھ کے روزیہاں ان سے ملاقات کی،آئی جی ایف سی نے وزیراعلیٰ سے ان کے برادرنسبتی سینیٹرآغاشہبازدرانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیااورمرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔

صوبائی وزرأ نواب محمدخان شاہوانی،سردارمحمداسلم بزنجو،چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگ زیب حق ،آئی جی پولیس احسن محبوب،وزیراعلیٰ کے کوارڈینیٹرز جمال شاہ کاکڑ،اعجازسنجرانی اورغازی خان پندرانی بھی اس موقع پر موجودتھے۔

ملاقات کے دوران صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیاگیااوراس بات سے اتفاق کیاگیا کہ پولیس ،ایف سی ،لیویز اورانتظامیہ کی جانب سے کئے گئے مؤثراقدامات کے نتیجے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اوراس عزم کا اظہارکیا گیا کہ شہریوں اورسیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے قائم ہونے والے امن واستحکام کوہرصورت برقراررکھاجائے گا۔

ملاقات میں اس امر پر اطمینان ومسرت کا اظہارکیاگیا کہ سیکیورٹی فورسز پر عوام کے اعتماداوراحترام میں اضافہ ہواہے جو کہ انتہائی مثبت پیشرفت ہے عوام نے مردم شماری کے عمل میں فورسز اورعملے کے ساتھ بھرپورتعاون کیاجس کے باعث صوبہ بھرمیں مردم شماری کے پُرامن انعقاد میں کامیابی حاصل ہوئی اورپورے عمل میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوارواقعہ رونمانہیں ہوا۔

ملاقات میں اس امر پر اطمینان کا اظہارکیاگیا کہ صوبے کی نوجوان نسل کی تمام تر توجہ حصول علم کی طرف مبذول ہے اوروہ امن واستحکام اورتعمیر وترقی کے عمل میں بھرپورحصہ لے رہی ہے۔

آئی جی ایف سی نے اس موقع پر صوبے کوپُرامن اورتعلیم یافتہ بنانے کے وزیراعلیٰ کے وژن اورنوجوان نسل کو تعلیم وتربیت کے حصول اورانہیں مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔