|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2017

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ عوام ایسی پارٹیوں کو ووٹ نہ دیں جن کے نمائندے اسمبلی تک جانے کی تکلیف نہیں اٹھاتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیچی بیگ سریاب میں نیشنل پارٹی کی منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا میر طاہر بزنجو نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے قول و فعل میں تضاد نہیں ہے ہم بڑھکیں مارنے کو شعوری سیاست کے منافی سمجھتے ہیں بلوچستان کو گفتار کے غازیوں کی بجائے باعمل سیاسی قیادت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کثیرالطبقاتی جماعت ہے اس میں رہنما کردار سیاسی کارکن ہیں مکران ،سراوان ، جھالاوان ،کچھی و بولان سمیت بلوچستان کے کونے کونے تک پارٹی کے فکری وشعوری کارکن اور وو ٹرز موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سریاب تاریخی طور پر نیشنل پارٹی اور قوم پرستی کا گڑھ رہا ہے یہاں کے ووٹرز اس قوم پرست جماعت کوووٹ نہ دیں جن کے د و ممبران صوبائی اسمبلی تک کے اجلاس میں شرکت نہیں کرتے اسمبلی میں قوم ،وطن اور عوام کے حقوق کی بات اورقانون سازی سے خود کودور رکھنے والے الیکشن میں کیوں حصہ لیتے ہیں ہمیں تو اسکی سمجھ نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام نے انتخابی اتحاد کیا اور یہ اتحاد انتہائی کامیاب رہا دونوں پارٹیوں کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔

پارٹی کارکن میر عثمان بادینی کی کامیابی کیلئے انتھک محنت کرکے اپنے تاریخی کردار اور عمل کو ثابت کریں جلسہ عام سے جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبداللہ جتک ، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق،حاجی عطا محمد بنگلزئی ، نیاز بلوچ ،چیئرمین اسلم بلوچ ،ملک نصیر شاہوانی ، میر سکندرشاہوانی ، جمعیت علماء اسلام کے رہنماسرداراحمد خان شاہوانی ،بی ایس او کے مرکزی رہنما حمید بلوچ ،نیشنل پارٹی کے رہنما ملک عمر فاروق بنگلزئی ،قیوم سجن شاہوانی ، نصراللہ شاہوانی ، سعید سمالانی ، آغا عمر شاہ ، جلیل شاہوانی اور آغا محمد شاہوانی نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نفرتوں کے سوداگروں سے ہوشیار رہیں یہ عناصر اپنے ذاتی مفاد کیلئے محبت ،اخوت و بھائی چارے کی فضاء کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور نیشنل پارٹی کا کردار آئینے کی طرح ہے سریاب کے نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے والے بتائیں جب انکی جماعت کا لیڈر وزیراعلیٰ تھا تو اس نے سریاب کے عوام کی کیا خدمت کی پانی پہنچایا ؟

کتنے نوجوانوں کو روزگاردیا گیاانکے مقابلے میں نیشنل پارٹی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایک ارب روپے کا سریاب پیکج دیا غریب عوام کو پانی فراہم کیا ، روڈ ،سیوریج سمیت ترقیاتی کام کروائے درجنوں اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے علاوہ نئے اسکول قائم کئے گئے ۔

بلوچستان میں بدامنی کے آسیب کا خاتمہ کیا وہ لیڈر جو بلو چستان چھوڑ کرفرار ہوئے آج ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی حکومت کی برکت سے وہ لیڈر بھی سیاست اور جلسوں کے قابل ہوئے مصیبت میں رائے فرار اختیار کرنے والے آج بھڑکوں کا سہارا لے رہے ہیں ۔

مقررین نے کہا کہ نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے اتحاد سے وہ لوگ پریشان ہیں جو نعرہ بازی کی سیاست پریقین رکھتے ہیں مقررین نے کہا کہ نفرت اور تصادم کی سیاست بلو چستان کیلئے تباہ کن سازش ہے عوام اب جان چکے ہیں کس جماعت کا کردار کیا ہے۔