|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2017

کوئٹہ :  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ ‘ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ‘ صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ ‘ رؤف مینگل ‘ نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی ‘ ملک مجید کاکڑ ‘ حاجی عبدالستار کاکڑ ‘ نذر بلوچ اور جمالدین رشتیا نے کچلاک میں ممتاز قوم پرست رہنماء ملک عبدالعلی کاکڑ کی رہائش گاہ پر اولسی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج کا یہ عظیم الشان جرگہ صوبہ میں آباد پشتون ‘ بلوچ ‘ ہزارہ برادر اقوام کے اتحاد و اتفاق میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ نمائندہ جرگہ آنے والے وقتوں میں دورس نتائج کا حامل رہے گا اور یہ امید پیدا ہو چکی ہے کہ مظلوم محکوم اقوام اپنے غضب شدہ حقوق کی بازیابی کے لئے نیپ کی طرز کے پلیٹ فارم کی جانب گامزن ہے جب متحد تھے تو حالات اتنے گھمبیر نہیں تھے ۔

آج ہم سب کو باری باری ظلم و جبر کا شکار بنا دیا گیا وقت اورحالات کا تقاضا ہے کہ یہ برادر اقوام احمد شاہ ابدلی‘ میر نصیرخان نوری ‘ خان عبدالولی خان ‘ میرغوث بزنجو اور سردار عطاء اللہ مینگل کی جدوجہد کو سامنے رکھ کر آنے والے وقتوں کا مقابلہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ میر بہادر خان مینگل کی کامیابی وسیع النظر ‘ قوم دوست ‘ مترقی وطن دوست اورجمہوریت پسند قوتوں کی کامیابی ہے لہٰذا 15 جولائی کو میربہادر خان مینگل کو رائے دیکر وسیع تر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا جائے اور ابن الوقت مصنوعی ٹولیوں کو گزشتہ کارکردگی کی بنیاد پر رد کیا جائے تاکہ صوبہ کے عوام کے حقوق کو بچایا جاسکے ۔