|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2017

کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کی تعمیر کے تمام پہلوؤں عوام پر واضح ہونے چاہئیں۔ اس کے مختلف مراحل مقررہ وقت پر مکمل ہونے چاہئے اور اس پر جاری کام کی رفتار کو تیز کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے پر بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کے مفادات وابستہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سی پیک کے مغربی روٹ پر جاری ترقیاتی کام سے متعلق دی جانے والی ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ بریفنگ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے انجینئر یوسف بارکزئی منصوبوں پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے گورنر بلوچستان کو مغربی روٹ ڈی آئی خان، کوئٹہ تا سہراب سیکشن پر کام کی صورتحال، مختص کردہ فنڈز اور آئندہ کے پروگرام سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایم بی آر محمد اسلم، سیکریٹری فنانس اکبر حسین درانی، سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو اشرف اللہ کاکڑ، ٹیکنیکل ایڈوائزر سی اینڈ ڈبلیو جبار کاسی، چیف اکانومسٹ غوث بخش مری اور پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر سجاد احمدبھٹہ بھی موجود تھے۔

گورنر بلوچستان نے سی پیک اور خاص طور سے مغربی روٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور اس کے ساحلی علاقے اہم محل وقوع کی وجہ سے اس علاقہ پر دنیاکی بڑھتی ہوئے توجہ نے ہمارے لئے بہترین مواقع پیدا کئے ہیں اور سی پیک پر عملدرآمد ان مواقعوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا اور اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارنے کا بہتری ذریعہ ہے۔

انہوں نے خاص طور سے مغربی روٹ کے حوالے سے کہا کہ کاشغر سے گوادر تک آنے والی شاہراہ ایک جانب خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو مربوط کرے گی تو دوسری جانب اس سڑک کے ذریعہ دنیا کے بہترین مواقع سے بھرپور سینٹرل ایشیا سے ہمارے فعال اور متحرک رابطہ استوار ہوجائے گا۔

بریفنگ کے دوران کچلاک اور ژوب بائی پاس کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ ان شاہراہوں کی تعمیر میں پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی ہے لہٰذا اس پر کام کی رفتار کو فوری طور پر تیز کرنے کی ضرورت ہے اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار کو ہر صورت برقرار رکھاجائے۔

انہوں نے نئی سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور انسانی جان ومال کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر نے مغربی روٹ سے متعلق مختلف منصوبوں کے لئے حاصل کرنے والی زمینوں کے معاوضے کی جلد از جلد ادائیگی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔