|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک اور سینیٹر سردار فتح محمد محمد حسنی نے کہا ہے کہ این اے260 پر ضمنی انتخابات آئندہ عام انتخابات کے شفاف انعقاد کے لئے ٹیسٹ کیس ہے۔

الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کا نوٹس لے،یہ بات جمعرات کو نورزئی قومی اتحاد کی جانب سے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کے موقع پر کوئٹہ کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرسابق وفاقی وزیر سردار عمر گورگیج ، صوبائی ترجمان سردار بلند جوگیزئی،شہزادہ خان کاکڑ،ثنا اللہ اور دیگر بھی موجود تھے،

قبل ازیں نورزئی قومی اتحاد کے جنرل سیکرٹری اختر نورزئی نے حلقہ این ائے 260 پر ضمنی انتخابات میں پی پی پی کے امیدوارمیر عمیر محمد حسنی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی امیدوار کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک اور سینیٹر سردار فتح محمد محمد حسنی نے حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نورزئی قومی اتحاد نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ جمہوریت اور قوم کی بہتری کیلئے کوشاں ہے ہم ان کو یقینی دہانی کراتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اتحادی جماعتوں کی حمایت کے بعد کامیابی حاصل کرکے ان کے اعتماد کو ٹھس نہیں پہنچائینگے۔

انہوں نے کہاکہ حلقہ این اے260پر پاکستان پیپلز پارٹی نے 5مرتبہ کامیابی حاصل کی اور15جولائی کو ایک بار پھر کامیابی حاصل کرکے آراوز اور ٹپہ لگانے والوں کو مسترد کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوامی رائے پر یقین رکھتے ہیں امید ہے کہ اس دفعہ سلیکشن کی بجائے صاف و شفاف الیکشن ہونگے اور آنیوالی الیکشن کیلئے بھی الیکشن کمیشن بھرپور کارروائی کرکے عوامی رائے کا احترام کرینگے۔

سردار فتح محمد حسنی نے کہااین اے 260 پر حصہ لینے والی ایک مذہبی جماعت اپنے حلقے کے ووٹروں کو بجلی کے ٹرانسفارمر اور نقد رقم تقسیم کررہی ہے الیکشن کمیشن کو فوری نوٹس لینا چاہیے ۔