|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2017

کوئٹہ :  صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد نعیم مجید جعفر نے کہا ہے کہ نیشنل اسمبلی کے حلقہ این اے 260 کوئٹہ کم چاغی میں پولنگ آج 15 جولائی کو ہوگی اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔

متعلقہ حلقے کے تینوں اضلاع کوئٹہ، چاغی اور نوشکی میں پولنگ کا سامان بھجوادیا گیا ہے۔ انتخابات کو پر امن ماحول میں کرانے کے لیئے ہر ممکن اقدامات لیتے ہوئے سیکورٹی کے لیے ایف سی کے اہلکار ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے اور اسی طرح لیویز اور پولیس کو بھی تعینا کیا گیا ہے اور پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں تاکہ شفاف انتخاب کو یقینی بنایا جاسکے۔

پولنگ صبع 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260پر ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں ۔

پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے سنےئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر 9آزاد سمیت 17امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں ۔

یہ حلقہ کوئٹہ ،نوشکی اور چاغی کے اضلاع پر مشتمل ہے حلقہ میں کل ووٹروں کی تعداد 460202ہے جن میں سے 274367مرد اور 185835خواتین ووٹرز ہیں۔

حلقہ میں ٹوٹل 407پولنگ اسٹیشنزہیں جن میں 320انتہائی حساس ،50احساس اور 37نارمل ہیں 407پولنگ اسٹیشنز میں سے 167مردوں کی 131خواتینوں اور 108مشترکہ ہیں ۔

متعلقہ حلقہ میں 993پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں سے571مردوں اور 422خواتین کے ہیں جن پر 407پریزائیڈنگ آفیسرز اور 814اسٹنٹ پریزائیڈنگ آفسرز اپنے خدمات سرانجام دیں گے ۔

حلقہ این اے 260پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سردارزادہ عمیر محمد حسنی ،بی این پی (مینگل ) کے میر بہادر مینگل،پشتو نخواء ملی عوامی پارٹی کے جما ل ترکئی،جمعیت علما ء اسلام (فٌ) کے انجنےئر میر عثمان بادینی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

2013کے عام انتخابات میں یہ نشست پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے امیدوار مرحوم عبدالرحیم مندوخیل نے 30191ووٹ حاصل کر کے جیتی تھی جبکہ جمعیت علما ء اسلام (فٌ) کے امیدوار حاجی منظور احمدنے 26019،بی این پی کے آغا حسن بلوچ نے 25103،پیپلز پارٹی کے سردار عمر گور گیج نے 15857،نیشنل پارٹی کے محمد یوسف نے 14441 ووٹ حاصل کئے تھے ۔