کچلاک : ملکی ترقی اورخوشحالی پاکستان پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہے ،جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیراعظم میاں محمدنوازشریف صادق اور امین نہیں رہے ،مذہب اور قوم کے نام پر سیاست کرنے والے سیاستدان قومی مجرم اور غدار ہیں بلکہ عدم تشدد کے پیروکار سب سے زیادہ تشدد پسند ہے ۔
ان خیالات کااظہار کچلاک میں انتخابی جلسے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں سینیٹر سردارفتح محمدمحمد حسنی ،بسم اللہ خان کاکر،سردارعمر گورگیج ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،سید ناصر آغا ،سیٹھ عبدالحمید کاکڑ ،حاجی ربانی خلجی ،مسلم لیگ ق کے رہنماء ملک یعقوب کاکڑ ،ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمدصادق کاکڑ، ماسٹر خلجی ،میروائس کالی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مقررین نے کہاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی اور صوبوں کو ترقیاتی فنڈز اور بجٹ میں اضافہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں کی ہے اسی پارٹی نے پہلی مرتبہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کو ترقیاتی فنڈز آبادی کی بجائے رقبے کی بنیاد پر دی ہمارے دور میں ملک میں امن اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات تھے موجودہ حکمرانوں نے کرپشن ،کمیشن میں تمام ریکارڈتوڑ کر ن لیگ کو کرپشن اور کمیشن پارٹی بنادی ہے ،سی پیک منصوبے سے بلوچستان راہداری روٹ کاٹ کر چائنا پنجاب منصوبے میں تبدیل کردی ہے ۔
مقررین نے کہاکہ پانامہ کیس مین میاں محمدنوازشریف اور ان کا خاندان کرپٹ اور چور ثابت ہونے کے باوجود محمودخان اچکزئی اور مولانافضل الرحمن کی وکالت حکومتی معاہدے کا حصہ ہیں ،مذہب پرستوں اور قوم پرستوں نے حصول اقتدار کے بعد اسلام اور قوم کو اندھیرے اور پسماندگی کی جانب دھکیل دیاہے ۔
بلوچستان کی موجودہ مخلوط حکومت تاریخ کی نااہل ترین حکومت ثابت ہوئی ہے گزشتہ 4سالوں سے سالانہ اربوں روپے فنڈز کی ترقیاتی بجٹ لیپس ہونا قوم پرستوں کو اقتدار دینے کا صلہ ہے جو پنجاب کے میٹرو اور اورنج ٹرین پر خرچ ہورہی ہے۔
مقررین نے کہاکہ صوبائی ،قومی اور سینیٹ کے الیکشن میں ووٹوں کی خرید وفروخت کی منڈی لگتی ہے مفاد پرستوں نے سیاست کو بھی کرپشن وکمیشن کا ذریعہ بنادیاہے ،کروڑوں روپے میں نشستوں کو خریدنے والے عوامی نمائندے نہیں بلکہ سیاسی ٹھیکیدار ہے جو عوامی فنڈز کو شیر مادر سمجھ کر لوٹتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی بلا رنگ ونسل زبان عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے کوئٹہ چاغی کے عوام 15جولائی کو تیر پر نشان لگا کر نام نہاد اسلام پرستوں اور قوم کے فرسودہ نظریات کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کردیں ۔
مذہب و قوم کے نام پر سیاست کرنے ولے قومی مجرم و غدار ہیں ، پی پی بلوچستان
وقتِ اشاعت : July 15 – 2017