|

وقتِ اشاعت :   July 16 – 2017

خضدار :  ضلع خضدار کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ،بخالو کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی پل سیلابی پانی میں بہہ گیا ۔

کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر آمد و رفت معطل سینکڑوں گاڑیاں پل کے دونوں اطراف میں رک گئی ،ڈپٹی کمشنر خضدار کی حکم پر کوئٹہ سے کراچی جانے والے گاڑیوں کو خضدار اور کراچی سے کوئٹہ جانے والی گاڑیوں کو لسبیلہ کے مقامات پر روک دیا گیا رات گئے ٹریفک بحال کرنے کے لئے کوششیں جاری ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز خضدار شہر اور ضلع کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے باعث ندی نالوں میں تغیانی آ گئی تحصیل وڈھ کے علاقہ بخالو کے مقام پر قومی شاہراہ پر پل ٹوٹ گئی جس کے سبب ٹریفک معطل ہو گئی جبکہ سیلابی پانی میں دور سے ایک ٹوڈی کار نظر آ رہی ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ کار میں سوار افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں یا کہ نکل گئے پل ٹوٹنے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ ،لیویز فورس کے بھاری نفری کے ساتھ متعلقہ مقام پر پہنچ گئے اور بھاری مشنری کے ساتھ کام کا آغاز ہوا رات گئے تک ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں جاری تھی ۔

کوئٹہ سے کراچی جانے والی گاڑیوں کو خضدار ،وڈھ کے مقامات پر جبکہ کراچی سے خضدار یا کوئٹہ جانے والی گاڑیوں کو لسبیلہ کے مقامات پر روک دیا گیا ہے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب روڈ کلیئر ہو گا تب گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی بخالوں کے مقام پر روڈ کے دونوں اطراف رکھی گاڑیوں کے مسافروں کے لئے اشیاء خوردو نوش کا بندوبست کیا گیا ہے ۔