|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔

ایف سی نے جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کے تحت کامیابی سے کارروائیاں جاری ہیں۔

گزشتہ شب پاک افغان سرحد سے ملحقہ ضلع ژوب کے علاقے قمر الدین کاریز میں ایف سی کی شعیب نیکہ چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں نے اچانک حملہ کردیا۔ لائٹ مشین گن اور راکٹ گولے داغے جس کا ایف سی کی چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں نے بھی بھر پور جواب دیا۔ جھڑپ میں چار دہشتگرد مارے گئے ۔

دوسری جانب سیکورٹی ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قمر الدین کاریز میں ایف سی ژوب ملیشیا کی پاک افغان سرحد سے تقریباً ایک کلو میٹر دوری پر واقع چیک پوسٹ پر افغانستان کی جانب سے دو درجن کے قریب نامعلوم دہشتگردوں نے اچانک حملہ کردیا۔

چیک پوسٹ پر اس وقت بیس سے بائیس اہلکار موجود تھے جنہوں نے بھر پور جواب دیا۔ فوری طور پر قریب کی چیک پوسٹوں اور ونگ ہیڈ کوارٹر سے ایف سی کی اضافی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا اور ان کے کئی دہشتگرد مارے گئے۔

دہشتگرداپنے ساتھیوں کی لاشیں افغانستان لے جانے میں کامیاب ہوگئے جس کے باعث ان کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔

بعض اطلاعات کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کی تعداد نو ہے۔جبکہ ایک درجن سے زائد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

دہشتگرد پسپا ہونے کے بعد اپنا اسلحہ بھی چھوڑ کر افغانستان کی طرف فرار ہوگئے۔ دہشتگردوں کی جانب سے پھینکے گئے اسلحہ میں چار مارٹربم ، چار راکٹ لانچر، آٹھ راکٹ گولے ، ایک لائٹ مشین گن اور ایک کلاشنکوف شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں تین ایف سی جواب بھی معمولی زخمی ہوئے۔