|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2017

تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جمہوریت کے لئے بوجھ اور ملکی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔

 

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابراعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے سے متعلق قومی اتفاق رائے بڑھ رہا ہے، میری مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت سے بھی بات ہوئی ہے اور انہوں نے بھی وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبے پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جمہوریت پر بوجھ اور ملکی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ بن چکے ہیں، وہ عالمی سطح پر پاکستان کی سبکی اور تنہائی کا مؤجب بن رہے ہیں، رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد بھی نوازشریف کا منصب سے چمٹے رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

پاناما کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نواز شریف ملک میں فساد اور انارکی کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم کسی کو سپریم کورٹ پر حملہ نہیں کرنے دیں گے اور نا ہی پاناما فیصلے سے کسی کو فرار ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ (ن) لیگ میں تمام پرانے لوگ پیچھے کردیے گئے ہیں،اب گلولیگ کے 2 گروپ بن چکے ہیں جن میں ایک گروپ مریم نوازگروپ ہے جس کی قیادت کیپٹن(ر) صفدر کررہے ہیں اس گروپ نے (ن) لیگ گروپ کو شکست دے دی ہے۔