لشکرگاہ: افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں امریکی بمباری کے نتیجے میں 16 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
افغان حکام کے مطابق ہلمند کے ضلع گریشک میں امریکی فوج کے فضائی حملے میں 16 پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں دو کمانڈرز بھی شامل ہیں۔
ہلمند پولیس کے ترجمان سلام افغان نے بتایا کہ واقعہ جمعے کی شام پیش آیا، افغان پولیس ایک گاؤں میں طالبان کے خلاف آپریشن کررہی تھی جس کے لیے اس نے امریکا سے فضائی مدد طلب کی، تاہم اتحادی طیاروں نے فضائی حملہ کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر ہی بم گرادیے۔ نیٹو نے اپنے بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں امریکی و نیٹو کی بمباری سے بڑی تعداد میں عام شہری جاں بحق ہوچکے ہیں تاہم ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ حال ہی میں فروری میں ہلمند کے ہی شہر سنگین میں امریکی بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 18 عام شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔
پچھلے سال نومبر میں بھی صوبہ قندوز میں امریکی فضائی حملے میں 32 شہری جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ اکتوبر 2015 میں امریکی طیاروں نے بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے اسپتال کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 42 مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔