|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2017

کوئٹہ: ڈیرہ مراد جمالی اور نصیرآباد کے درمیان 220کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کے دو کھمبے گر گئے جس سے بجلی کے بحران شدت اختیار کر گیا۔

دس سے زائد اضلاع میں اضافی لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی۔ کیسکو ترجمان کے مطابق گدو سے سبی آنے والے 220کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کے دو کھمبے گزشتہ روز شدید طوفانی بارشوں کے باعث گرے۔ ٹاور گرنے کی وجہ سے بجلی کے بحران میں مزید اضافہ ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق کوئٹہ سمیت، بولان، سبی، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، نوشکی اور چاغی کے علاقوں میں اضافی لوڈ شیڈنگ شروع کی جارہی ہے۔ متاثرہ ٹاور پر این ٹی ڈی سی کی جانب سے مرمتی کام سیکورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد شروع کیا جائیگا۔

یاد رہے کہ کوئٹہ میں پہلے سے ہی آٹھ سے دس گھنٹے جبکہ باقی متاثرہ اضلاع میں بارہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی تھی اب اس میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید گرمی میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔