سڈنی: آسٹریلیا میں انسداد دہشت گردی پولیس نے جہاز کو بم سے اڑانے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کاؤنٹر ٹیررازم پولیس نے سڈنی میں بڑا مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کرتے ہوئے چھاپے مار کر باپ بیٹے سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بم بنانے میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
حملے کا منصوبہ ناکام بنائے جانے کے بعد پورے آسٹریلیا میں ملکی اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے جب کہ دہشت گردی کے خطرے کی سطح کو درمیانے درجے پر رکھا گیا ہے۔
آسٹریلوی پولیس نے بتایا کہ گرفتار چاروں ملزمان اسلام پسند ذہن کے مالک ہیں اور اسی تناظر میں جہاز کو دھماکے سے تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔