کوئٹہ : سانحہ 8اگست 2016ء سول ہسپتال کوئٹہ میں شہید ہونے والے وکلاء کی یادمیں قومی ضمیر کو بیدار کرنے، شہداء کے مشن و خون سے وفاداری اور غم زدہ خاندانوں کے دکھ و درد بانٹنے کے لئے کوئٹہ کمیشن کے تناظر میں ’’بلوچستان کو دوبارہ امن کیسے دلایا جائے‘‘ کے عنوان سے قومی سیمینار شہید باز محمدکاکڑ فاؤنڈیشن اور سماجی ادارہ ان ریتھ کے اشتراک سے2اگست کوصبح 10 بجے بوائز سکاؤٹس ہال میں منعقد ہوگا ۔
قومی سیمینار کی صدارت چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کرینگے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین رکن قومی اسمبلی مخدوم شاہ محمود قریشی ، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری ،ممتاز قانون دان سینیٹر اعزاز حسن ، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ، عوامی نیشنل پارٹی کے عبدالطیف آفریدی ،سردار اختر جان مینگل ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت مختلف قومی رہنماؤں وجماعتوں کے قائدین ،وکلاء تنظیموں کے نمائندگان ،سول سوسائٹی ،سینئر کالم نگاروں ،انسانی حقوق کے اداروں او ر قبائلی معتبرین شرکت کرینگے ۔
سیمینار کی تیاریوں کاجائزہ لینے اعلیٰ سطحی اجلاس شہید باز محمدکاکڑ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر لعل محمد کاکڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا
اجلاس میں سماجی ادارے ان ریتھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمتین اخوندزادہ ،حاجی سلطان لالا ،عبدالقیوم کاکڑ،عابد علی اوردیگر نے شرکت کی اجلاس میں سیمینار کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے انتظامی میڈیا رابطہ اور دیگر کمیٹیاں تشکیل دی گئی جبکہ اعلامیہ کی تیاری کیلئے تمام شہداء کے خاندانوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔