|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2017

کوئٹہ :  ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے جج جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 5ادویہ ساز کمپنیوں اور 4میڈیکل سٹورز مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔

چمن کے ایک میڈیکل کے کیس میں گواہ کے طور پر پیش نہ ہونے پر لیویز رسالدار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈی پی او کو اس سلسلے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاگیاہے ۔

گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی تو وٹامن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیس میں نامزد اسسٹنٹ منیجر کبیر عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے جبکہ ادویہ ساز کمپنی میڈلی فارما پرائیویٹ لمیٹڈ ،راولپنڈی کے کیس میں کوالٹی کنٹرول بورڈ کے انچار ج محمد اسماعیل اور پروڈکشن انچارج محمد عمران کے پیش نہ ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ۔

اس کے علاوہ انکاز فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کے دو الگ الگ مقدمات میں پروڈکشن انچارج اکبر علی اور کوالٹی کنٹرول انچارجز رخسانہ خان اور صفدر عالم کے بھی سماعت کے موقع پر غیر حاضری کی وجہ سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے جبکہ ویڈک لیبارٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد اے قیوم کیخلاف غیر معیاری ادویات کے چالان پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیدے گئے ہیں ۔

اس کے علاوہ عدالت نے علی میڈیکل سٹور،حمید میڈیکل سٹور اور گل میڈیکل سٹور کے خلاف عدالت کو بھجوائے گئے چالانوں کو منظور کر تے ہو ئے مذکو رہ میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔

عدالت نے الہدیٰ میڈیکل سٹور کے محمدطاہر کے بھی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جبکہ اباسین میڈیکل سٹور چمن کے کیس میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر لیویز رسالدار چمن عبدالجبار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے جبکہ ڈی پی او سے اس سلسلے میں رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے ۔