|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2017

مری: مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نئی کابینہ پر غور کیا جارہا ہے۔

مری کی  ڈونگا گلی میں (ن) لیگ کے اہم رہنما مشاورتی اجلاس میں شریک ہیں اور نئی کابینہ کی تشکیل پر غور کیا جارہا ہے، جس کا فیصلہ جلد ہی متوقع ہے۔ آج شام تک فیصلہ ہوجائے گا کہ شہباز شریف مرکز میں آتے ہیں یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کے پنجاب میں ہی رہنے کےامکانات زیادہ ہیں اور توقع ہے کہ شاہد خاقان عباسی ہی آئینی مدت پوری ہونے تک ملک کے مستقل وزیراعظم رہیں گے۔

رات گئے بھی ایک اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، نواز شریف، شہباز شریف، چوہدری نثار، اسحاق ڈار اور سعد رفیق سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی، چھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں شہباز شریف کو مستقبل میں وزیراعظم بنانے اور وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق شہباز شریف کو وزیراعظم بنائے جانے سے متعلق فیصلہ آج ہی کیا جائے گا جب کہ (ن) لیگی رہنما چوہدری نثار کو بھی کابینہ میں شامل ہونے کے حوالے سے قائل کریں گے اور اگر اس حوالے سے فیصلہ جلد ہو جاتا ہے تو امکان ہے کہ کابینہ کل حلف اٹھا لے لیکن اگر چوہدری نثار اور شہباز شریف کا فیصلہ نہ ہو سکا تو کابینہ جمعے کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائے گی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پارٹی نے شہباز شریف کو مرکز میں لانے کا فیصلہ کیا تو کابینہ کی تشکیل کچھ اور ہو گی۔