|

وقتِ اشاعت :   August 4 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی خصوصی ہدایت پر کوئٹہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ حافظ عبدالماجد کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے خصوصی فنڈز سے شہر کی مختلف شاہراہوں جن میں کیلون روڈ، جعفر خان جمالی روڈ، جناح روڈ، حالی روڈ، سریاب پل، بے نظیر پل، اسپنی روڈ اور پرنس روڈ پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا کام جلد مکمل کر لیا جائیگا۔

سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ناصرف کوئٹہ بلکہ صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی خوبصورتی ، سیوریج کی بحالی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے خصوصی فنڈز مختص کئے ہیں اور خصوصی ترقیاتی پیکج فراہم کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ کے روایتی حسن کی بحالی کے لیے اپنے ترقیاتی فنڈز سے ایک ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی ہے اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو کچرہ ٹھکانے لگانے کے لیے جدید مشینری بھی فراہم کر دی گئی ہے۔