|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2017

اسلام آباد: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ، جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران نیول چیف نے جرمنی کے ڈپٹی چیف آف ڈیفنس اسٹاف وائس ایڈمرل ریولے (Ruehle)اور جرمن نیول چیف ( انسپکٹر آف جرمن نیوی ) وائس ایڈمرل انڈریاس کروزے (Andreas Krause)سے ملاقاتیں کیں۔

برلن میں واقع جرمنی کی وفاقی دفاعی وزارت پہنچنے پر جرمن نیول چیف ( انسپکٹر آف جرمن نیوی ) وائس ایڈمرل انڈریاس کروزے نے چیف آف دی نیول اسٹاف کا استقبال کیا۔روایتی گارڈ نے نیول چیف کو اعزازی سلامی پیش کی۔ اسکے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ نے جرمن مسلح افواج کی یاد گار پر پھول چڑھائے۔

بعد ازاں ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے جرمنی کے ڈپٹی چیف آف ڈیفنس اسٹاف وائس ایڈمرل ریولے سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دورا ن باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُموراور دو طرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرمنی کے ڈپٹی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے مختلف اقدامات میں فعال اور بھر پور کردار ادا کرنے پر پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہا۔پاک بحریہ کے سربراہ اور جرمنی کے ڈپٹی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے تربیت، دوطرفہ دوروں اور دفاعی تعاون کے مختلف شعبہ جات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان رابطو ں کو مزید بڑھانے پراتفاق کیا۔

جرمن نیول چیف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور بشمول میری ٹائم سکیورٹی اور استحکام، کولیشن میری ٹائم کمپین پلان،بحری قزاقی کی بیخ کنی کے آپریشنزاور منشیات کی اسمگلنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نیوی اور جرمن نیوی کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں اضافے کے سلسلے میں مختلف شعبہ جات پر بھی گفتگو کی گئی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور عزم بالخصوص خطے کے امن اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔وائس ایڈمرل انڈریاس کروزے نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے قیام کے سلسلے پاک بحریہ کے عزم مصمم اورکاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہو گا ۔ 

دن بھر کی دیگر مصروفیات کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے وارنیمنڈے نیول بیس (Warnemunde Naval Base)میں جرمن نیوی شپ ایف جی ایس اِر فرٹ(ERFURT)کا دورہ کیا۔جہاز کے دورے کے دوران نیول چیف نے جہاز کے عملے سے ملاقات کی اور ان کی آپریشنل معیار کو سراہا۔

پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ پاکستان اور جرمن بالخصوص دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون میں اضافے اور وسعت کا باعث ہوگا۔