|

وقتِ اشاعت :   August 10 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور ریلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ریلی کے آغاز پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ریلی کے شرکاء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور ریلی کا پرجوش آغاز اس کا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے عوام کی والہانہ محبت ایک حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ محمد نوازشریف نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں ان سے ان کی قدرومنزلت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان اور یہاں کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے متعدد اہم منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔ جن میں سی پیک کے تحت زیر تکمیل منصوبوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے جو سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی اور یہاں کے عوام سے محبت کا مظہر ہے۔

وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ محمد نواز شریف کی ریلی ملک کی تاریخ کی سب سے عظیم الشان ریلی ثابت ہوگی اور اس ریلی میں عوام کی بھرپور شرکت اور جوش و خروش نے محمد نوازشریف کے خلاف کی جانے والی سازشوں اور پروپیگنڈہ کو زائل کردیا ہے۔