کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی ‘‘روٹی، کپڑا اور مکان’’ کے منشور کو عملی جامہ پہنائے گی ،طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔
پارٹی کی نئی تنظیمیں کارکنان سے روابط بڑھائیں اور تمام جیالوں کو متحرک کرکے پارٹی منشؤر کو گھر گھر پہنچائیں۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے بدھ کو بلوچستان کے مختلف ڈویژنوں کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی ہے جس کی راہ میں شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو اورسینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے۔
،آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کے لئے 12سال تک قید وبند کی صعوبتیں جس بہادری دلیری کے ساتھ برداشت کی وہ جمہوری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی مفاہمت کی پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک وقوم کی خدمت کی عوام کو ان کے حقوق دلائے اورگوادر سی پیک جیسے اہم منصوبے کی بنیاد رکھی اور آج سی پیک کا منصوبہ آصف علی زرداری کے ہی مرہون منت ہے لیکن ملک دشمن عناصر گوادرسی پیک منصوبے کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے جنہیں ہمیں ملکر ناکام بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے کرپشن کے الزام میں میاں نواز شریف کو نا اہل قرار دیا نواز شریف ریلی کے ذریعے عدلیہ اور فوج کو دباؤمیں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران یہ راگ الاپ رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف سازش ہوئی ہے وہ قوم کو بتائیں کہ یہ سازش کس نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بلوچستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر منظم بنایا جائے گا ڈویژن عہدیداورں کو چاہئے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ’’ روٹی، کپڑا اور مکان‘ کے منشور کو عملی جامہ پہنائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی فعال اور منظم ہورہی ہے اوراانشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔