|

وقتِ اشاعت :   August 10 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گذشتہ چار سالوں کے دوران صوبہ بھر میں ہائر ایجوکیشن کو فروغ ملا ہے اور ہماری مسلسل جدوجہد اور پوری توجہ کے باعث تعلیمی امور ومعاملات اور درس وتدریس کا عمل پروان چڑھنا شروع ہوا ہے۔

بلوچستان کی سرکاری جامعات میں کانووکیشنز کا انعقاد باقاعدگی سے ہورہاہے۔ جس کی ایک اعلیٰ مثال جامعہ بلوچستان کا 14واں کانووکیشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جامعہ بلوچستان کے 14 ویں کانووکیشن کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

صدر مملکت ممنون حسین کانووکیشن کے مہمان خاص تھے۔ اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی مس راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، بلوچستان میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم کے علاوہ فارغ التحصیل گریجویٹس اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر نے کہا کہ صدر مملکت کی کوئٹہ آمد اور کانووکیشن میں شرکت اہلیان بلوچستان اور خصوصاً طلباء اور اساتذہ کے لئے باعث فخر ہے۔ ان کی شرکت نے کانووکیشن کو رونق بخشی، انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد کردار سازی اور شعور کو پختہ کرنا ہے۔ 

اس کے ساتھ ساتھ تعلیم برداشت ، بردباری اور شعور سکھاتی ہے۔ صوبے کے عوام تعلیم کے ان پہلوؤں سے آگاہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج صوبہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کی کثیر تعداد زیر تعلیم ہے۔ گورنر نے کہا کہ آزادی اور جمہوریت انسان میں اختلاف رائے اور دوسروں کے عقائد کا احترام سکھاتی ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ جدید علوم کے حصول کے لئے جدید کتب ودیگر دستیاب وسائل سے استفادہ کریں اور اپنے علم ومطالعہ میں اضافہ کریں۔ علم وتعلیم کی کوئی سرحد نہیں دنیا بھر کے علوم کو سماجی بھلائی کے لئے استعمال میں لانا اشد ضروری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دنیا بڑی تیزی سے بدل رہی ہے اور ہم ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں جس سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنے آپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے جدید علم وتحقیق کی روشنی سے اپنے ذہنوں کو منور کرنا ہوگا۔ 

انہوں نے وائس چانسلر جامعہ بلوچستان اور ان کی پوری ٹیم کو ایک کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے لائق تحسین قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہمارا ملک بلکہ پورا خطہ معاشی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہورہا ہے جسے سنبھالنے کے لئے ہماری نئی نسل کو سرکاری وغیرسرکاری سطح پر بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس میں سی پیک ہمارے لئے پہلا آزمائشی معاشی دور ہوگاجسے سنبھالنے کی ذمہ داری ہمارے نوجوان نسل پر عائد ہوتی ہے۔ 

گورنر نے فارغ التحصیل گریجویٹس کو گولڈ میڈل اور اسناد کے حصول پر مبارکباد دی اور ان کی کامیاب اور روشن مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ قبل ازیں صدرمملکت ممنون حسین نے جامعہ بلوچستان کے ایسکپو سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔