|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2017

کوئٹہ: سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں پر انہیں چیئرمین بلوچستان بورڈ برائے ثانوی تعلیم ڈاکٹر سراج احمد کاکڑ نے بلوچستان بورڈ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان بورڈ نے بلوچستان میں ثانوی امتحانات میں شفافیت لانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے ہیں جس کے پہلے مرحلے میں امتحانی پرچوں کی کوڈنگ اور ڈی کوڈنگ کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا اور نتیجہ آنے سے چند گھنٹے قبل تمام پرچوں کی کمپیوٹرائزڈ ڈی کوڈنگ کی جاتی ہے اور امتحانات میں نگران عملے کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان بورڈ کی صوبے میں چار شاخیں ہیں جو خضدار، تربت، ڈی ایم جمالی اور لورالائی میں کام کررہی ہیں۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے وسیع وعریض ہونے کی وجہ سے 60 فیصدونٹر زون جبکہ 40فیصد سمر زون میں آتا ہے جس کی وجہ سے بورڈ کو کورس اور امتحانات موسم کی مناسبت سے منعقد کرانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

اس موقع پر سیکریٹری تعلیم (ثانوی) عبدالفتح بھنگر نے چیئرمین بورڈ کو ہدایت کی کہ بورڈ کو درپیش مسائل کے حوالے سے سفارشات جلد مرتب کرکے بجھوائی جائیں تاکہ بلوچستان میں امتحانی نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک وقوم کے معمار ہیں۔ نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ہی ملک کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکتے ہے۔ انہوں غیرنصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بلوچستان بورڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بورڈ غیرنصابی سرگرمیوں کو صرف کھیلوں تک محدود نہ رکھے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے تاکہ آنے والی نسلیں بغیر نقل کئے تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔