کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزار قائد پرحاضری دی ہے اور بابائے قوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے کراچی پہنچے جہاں سب سے پہلے انہوں نے مزار قائد پرحاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔ ان کے ہمراہ وزیر داخلہ احسن اقبال، گورنرسندھ محمدزیبر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی تھے۔
فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ انہوں نے لکھا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ اسلامی ریاست کی کامیاب جدوجہد کی گئی، قائداعظم محمدعلی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت علیحدہ مملکت کا قیام ممکن ہوا، بابائے قوم کے مزارپرآنا قابل عزت وفخر ہے، میں پاکستان کو پرامن، خوشحال بنانے کے لیے انتھک محنت کروں گا۔
وزیراعظم گورنرہاؤس کراچی میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے جب کہ دورہ کے دوران وزیراعظم امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کا بطوروزیراعظم کراچی کا یہ پہلا دورہ ہے۔