|

وقتِ اشاعت :   August 13 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجو کیشن کوئٹہ نے ایف اے ، ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔تعمیر نو کالج کوئٹہ کے طالبعلم محمد اویس نے 1022 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔بلوچستان ریذیڈیشنل کالج لورالائی کے محمد جمیل نے 995 نمبر لے کر دوسری ،گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سیف اللہ کی طالبہ آسیہ احد نے994 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

امتحان میں36 ہزار725امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 31ہزار 904 امیدوار پاس ہوئے ،نتائج کا تناسب86.87 فیصد رہا ۔بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجو کیشن کوئٹہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سراج احمد کاکڑ اورکنٹرولر بلوچستان بورڈ سید عباد اللہ شاہ غرشین نے بورڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران نتائج کا اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ 25 اپریل2017 میں امتحان کا آغاز ہوا ایک ماہ22 دن میں نتائج کا اعلان کر دیا گیا ۔

امتحان میں صوبے بھر سے 36725 امیدواروں نے حصہ لیا ۔کامیابی کا تناسب86.87 فیصد رہا۔سائنس گروپ میں23612 امیدواروں نے حصہ لیاجس میں 20697 پاس ہوئے کامیابی کا تناسب87.65 فیصد رہااسی طرح آرٹس گروپ میں13113 امیدواروں نے حصہ لیا اور11207 امیدوار پاس جبکہ کامیابی کا تناسب 85.46 فیصد رہا انہوں نے بتایا کہ پہلی20 پوزیشنوں میں مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں نے پوزیشن حاصل کی ہے ۔

پہلی بار ہم نے بلوچستان بھر میں امتحانی سینٹروں جن میں پنجگور، تربت، بی آر سی، کیڈٹ کالجز کا بھی دورہ کیا ہماری کوشش رہی کہ ہم نقل کے رجحان کو ختم کر سکے انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے دوران امیدواروں سے موبائل فون ، نقل کے ذرائع اور نقل برآمد ہونے کے ساتھ ساتھ امیدوار کی جگہ دوسرے لو گوں کو بٹھا کر امتحان دینے والوں کے خلاف بھی کا رروائی عمل میں لاتے ہوئے132 امیدواروں کے خلاف کا رروائی کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امتحانات کے دوران فرائض میں غفلت برتنے اور کوتاہی برتنے والے تقریبا12 سے زائد امتحانی عملے کے خلاف رپورٹ تیار کر کے سیکرٹری ایجو کیشن کو دے رہے ہیں اور اس عملے کو آئندہ امتحانات میں ڈیوٹیاں نہیں سرانجام دینا پڑے گی ۔


انہوں نے بتایا کہ نتائج مرتکب کرنے میں بورڈ کے کمپیوٹر سیکشن ، سیکریسی برانچ اور رزلٹ برانچ میں موثر انداز میں کام کیا ہے اور پہلی بار صوبے کے نوجوانوں نے ایک ہزار کے فگر کو کراس کیا ہے اور نتائج میں کا تناسب 88 فیصد رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی تین پوزیشن ہولڈرز کو میٹرک اور سکینڈری ایجو کیشن کے امیدواروں کو نقد انعام جبکہ پہلی20 پوزیشن ہولڈرز کو شیلڈ دینے کے لئے29 اگست کی صبح10 بجے سنڈیمن ہائی سکول کے ہال میں تقریب منعقد ہو گی تمام امیدواروں کو مطلع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ پیپروں کی چیکنگ اور مارکنگ کے دوران اپنے نوجوانوں کی حق تلفی نہ ہو اور وہ بھی پاکستان کے دیگر صوبوں کے نوجوانوں کا تعلیمی میدان میں دیگر شعبوں کی طرح مقابلہ کر سکے اس لئے ہم نے موثر اقدامات اٹھا تے ہوئے نقل کے رجحان کو روکا ہے اور تمام امور کی انجام دہی کومیرٹ اور شفاف طریقے سے مکمل کیا ہے ۔