|

وقتِ اشاعت :   August 16 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں تین روز قبل ہونیوالے خودکش بم دھماکے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔فارنزک ماہرین نے بھی شواہد اکٹھے کرنے کا کام مکمل کرلیا۔

کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ پر بارہ اگست کو سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش بم دھماکے کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس نے چار رکنی خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی۔

ٹیم میں سی ٹی ڈی، سی آئی اے اور اسپیشل برانچ کے نمائندے شامل ہوں گے۔ سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر زاہد کرینگے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کو درخواست بھیج دی ہے۔

دوسری جانب لاہور سے آنیوالے پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کے ماہرین کی تین رکنی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام مکمل کرلیا۔

فارنزک ماہرین شواہد کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان کا بلوچستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران ہونیوالے دیگر خودکش حملوں کے ساتھ موازانہ بھی کرینگے۔

تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرکے خودکش حملہ کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔یاد رہے کہ خودکش بم دھماکے میں دس فوجی اہلکاروں سمیت پندرہ افراد شہید ہوئے تھے۔