|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2017

کوئٹہ :  ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو حکم دیاہے کہ وہ غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ، زائدا لمعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمہ میں نامزد فارما سیوٹیکل کمپنی فرینڈز فارماکی لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے جبکہ رین نیوٹرو فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کے پروڈکشن منیجر کوالٹی کنٹرول انچارج اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے پیش نہ ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔

عدالت نے اس کے علاوہ 4میڈیکل سٹورز مالکان اور کوالیفائیڈ پرسنز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے ہیں ۔بدھ کے روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے روبرو فرینڈز فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کیس کی سماعت ہوئی تو مقدمے میں نامزد ملزمان ایک مرتبہ پھر عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے سکے عدالت نے ڈرگ ریگولیٹر ی اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کو سیل کرکے اس کی لائسنس منسوخ کرے اور اس بابت عدالت ہذاء کو مطلع کریں ۔

عدالت نے رین نیوٹرو فارما سیوٹیکل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان خان ،پروڈکشن منیجر سیف اللہ ،کوالٹی کنٹرول انچارج احمد رضا کے عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔

عدالت نے اصغرمیڈیکل سٹور کے کوالیفائیڈ پرسن اصغرعلی ،علی کلینک اینڈمیڈیکل سٹور کے مالک عبدالولی ،حمید میڈیکل سٹور چمن کے مالک عبداللہ ،اور خوشحال میڈیکل سٹور کے پروپرائٹر عبدالقادر کے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس کو حکم دیاکہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کرے ۔بعدازاں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی ۔