|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کی معذرت قبول کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے خلاف سرکاری قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی جلسہ جلوسوں کے انعقاد پر کی جانے والی کاروائی کو ختم کرنے کا اعلان کیاہے۔

یہ اعلان انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران کیا ،صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال،صوبائی مشیرمحمدخان لہڑی،سینیٹر آغاشاہ زیب درانی،اراکین صوبائی اسمبلی سیدلیاقت آغا،محترمہ عارفہ صدیق،چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق،ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدارآغاشکیل درانی،سیکرٹری ایس اینڈجی اے ڈی قمر مسعوداورسول سیکرٹریٹ آفیسر زویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداربھی اس موقع پر موجودتھے۔

سیکرٹریٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اس موقع پر اپنے غیرمناسب رویے پر معذرت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آئندہ ان کی جانب سے قوائد وضوابط کی کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی جبکہ آفیسرز ویلفیئرایسوسی ایشن کی جانب سے اسٹاف ایسوسی ایشن کی یقین دہانی پرعملدرآمد کی ضمانت فراہم کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ سرکاری قوائد وضوابط کے علاوہ ہماری اپنی روایات اوررسم ورواج بھی ہیں جو باہمی احترام اوربڑوں کی عزت کا درس دیتی ہیں تاہم یہ امر باعث افسوس ہے کہ اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ روایات کو بھی پامال کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید درانی ،صوبائی وزیرعبدالرحیم زیارتوال ،سینیٹر آغاشاہ زیب درانی اورآفیسرزویلفیئر ایسوسی ایشن نے اُن سے سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی معافی کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے ۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کے گرفتارعہدیداروں کی رہائی کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ وزارت اعلیٰ کے پروٹوکول سے ہٹ کر سب کو ساتھ لیکر چلنے کی روایت ڈالی ہے ،اسٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو انہوں نے متعددباراپنے ساتھ بٹھا کر ان کے مسائل سنے اوران کے حل کی ہدایت کی ۔

تمام سرکاری ملازمین انہیں اپنے بچوں کی طرح عزیز ہیں اوروہ انکی فلاح وبہبودچاہتے ہیں لیکن کسی کو بھی فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے ،نفرت کے بیج بونے اورسرکاری امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت گڈگورننس کا قیام چاہتی ہے اوررنگ ونسل سے بالاترہوکر تمام تعیناتیاں میرٹ اوراہلیت کی بنیاد پر کی جارہی ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبہ ہماراگھر ہے اورکسی کو بھی ہم اپناگھرخراب نہیں کرنے دینگے۔

اس موقع پر صوبائی وزیرعبدالرحیم زیارتوال نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا رویہ سب کے ساتھ انتہائی مشفقانہ ہے اورانکی صوبے اورعوام کیلئے خدمات اورکارکردگی انتہائی قابل تعریف ہے ۔

انہوں نے سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو معاف کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکیا،جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان نے بھی فراخدلی کے مظاہرے پر وزیراعلیٰ سے اظہارتشکر کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کی رہنمائی میں صوبائی محکموں اورملازمین کی کارکردگی کومزیدبہتربنایاجائے گا اوروزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا۔

بعدازاں آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالغنی اورسول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدرامیرحمزہ محمدشہی نے معذرت قبول کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکیا۔