|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2017

 

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا مگر ساتھ ہی شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

 

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے شہر میں چند روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ شاہ فیصل ٹاؤن، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، ملیر، ایئر پورٹ، یونی ورسٹی روڈ، گلشن حدید، گلشن اقبال، شارع قائدین، پٹیل پاڑہ اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش نے گرمی کے ستائے عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہے۔ بارش کی چند بوندیں گرتے ہی شہر کے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کراچی کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

اس سے قبل شدید گرمی اور حبس کے بعد آج سہ پہر بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس کے بعد شہری سڑکوں پر نکل آئے اور موسم کی اچانک تبدیلی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ 

 
 
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں 2 روز سے جاری گرمی سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے ہے، دباؤ کم ہونے کے باعث سمندری ہواؤں کی رفتار بھی کم ہوگئی تاہم بھارتی گجرات میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے اثرات بارش کی شکل میں کراچی پہنچ گئے ہیں۔