|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ اور ڈیرہ بگٹی میں دہشتگرد حملوں میں دو ایف سی اہلکاروں سمیت تین افراد شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق کیچ( تربت )کے نواحی علاقے دشت بلنگور میں سیاہلو کے مقام پر ایف سی کے اہلکار پہاڑی پر واقع اپنی چیک پوسٹ کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔ 

اندھا دھند فائرنگ سے ایف سی کے دو سپاہی محمد اسلم اور واجد علی شہید ہوگئے۔ جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے۔ ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی۔ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے مرؤ میں ٹریکٹر ٹرالی بارودی سرنگ پرچڑھ گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا۔ 

لیویز کے مطابق دھماکے میں پینتالیس سالہ سیف اللہ ولد جمال بگٹی شہید جبکہ تین افراد زخمی ہوگے۔ زخمیوں میں تیرہ سالہ میگل ، محمد اسلم اور منگل خان شامل ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔