|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2017

کوئٹہ: کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کیلئے اراضی کی خریداری میں پینتالیس کروڑ روپے کے مبینہ خورد برد کیس میں گرفتار پٹواری اور زمین فروخت کرنیوالے شخص کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی گئی۔ نیب کیس میں گرفتار تحصیلدار محمد جان ،قانونگو عبدالواحد ،پٹواری محمد الیاس اورزمین فروخت کرنیوالے سلام جان کواحتساب عدالت میں پیش کیا۔ 

نیب نے عدالت کو بتایا کہ تحصیلدار اور قانونگو سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے جبکہ پٹواری اور زمین فروخت کرنیوالے سے تفتیش جاری۔ عدالت نے تحصیلدار محمد جان اور قانونگو کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا جبکہ نیب کی درخواست پر محمد الیاس اور سلام جان کے ج جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 5ستمبر تک ملتوی کردی۔ 

اسی طرح ناجائز اثاثہ جات کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ کیاسٹاف آفیسرعمران گچکی کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم وکلاء کے بائیکاٹ کیباعث کارروائی نہ ہوسکی اور سماعت 11ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ جبکہ احتساب عدالت میں ہی گندم خورد برد کیس میں گرفتار سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار کاکڑ کو جیل سے عدالت لایا گیا۔ نیب کی جانب سے گواہ عدالت میں پیش کردیا گیا۔وکلاء کی ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت انیس ستمبر تک ملتوی کردی گئی ۔