اسلام آباد: قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم میں لمبے عرصے کی حکومت کے لئے برداشت نہیں اس لیے اسمبلیوں کی مدت 4 سال کی جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2014 میں مطالبہ کیا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت 4 سال مقرر کی جائے اور میرے اس مطالبے پر نوازشریف اور اسحاق ڈار نے بھی اتفاق کیا تھا، جو 2014 میں ہوا تھا وہ دوبارہ بھی ہوسکتا ہے اس لئے بہتر ہوگا کہ حکومت اس حوالے سے اقدامات کرے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔
میں آج بھی کہتا ہوں کہ ملک اور اداروں کی بہتری کے لئے آئینی اصلاحات میں اسمبلیوں کی مدت 4 سال کی جائے کیوں کہ ہم میں برداشت نہیں ہم لمبے عرصے کی حکومت کو برداشت نہیں کرسکتے۔
ملک میں ہونے والی حالیہ مردم شماری پراعتراض کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں صرف جان چھڑائی گئی شماریات ڈویژن اور فوج کے ریکارڈ کا موازنہ کرلیا جائے تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔