|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2017

کوئٹہ : عید الضحیٰ کے قریب آتے ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں لگائی جانیو الی مویشی منڈیوں میں عوام کا رش بڑھنا شروع ہوگیاہے تاہم بیوپاریوں کو درست ریٹ نہ ملنے جبکہ عوام کو ریٹس میں اضافے کی شکایات ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف مقامات مشرقی بائی پاس،مغربی بائی پاس ،عالمو چوک ،کواری روڈ،سمنگلی روڈ ،خیزئی بائی پاس ،سمنگلی ،سپنی روڈ سمیت مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں لگنا شروع ہوگئی ہے بلکہ ان میں قربانی کیلئے لائے جانے والے جانوروں اور اس کی خریداری کیلئے آنیو الے افراد کا زبردست رش دیکھنے کو مل رہاہے جانور وں کی خریداری کیلئے آنے والوں کو قیمتوں میں اضافے جبکہ بیوپاریوں کو صحیح قیمت نہ ملنے کا شکوہ ہے ۔

بھیڑ بکریاں خریدنے و الے افراد کاکہناہے کہ نہ صرف قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے بلکہ خریداری کے بعد جانوروں کو لے جانے کیلئے رکشہ اور گاڑی مالکان بھی من مانے کرایے وصول کررہے ہیں ۔

اس کے علاوہ جانوروں کو چارے کے طور پر کھلائے جانے والے گھاس اور لوسن کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ کردیاگیاہے تاہم بیوپاریوں کاکہناہے کہ کرایے ،گھاس اور دیگر کی قیمتوں میں اضافے کے باعث انہیں صحیح قیمت نہیں مل رہی دوسری جانب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام مویشی منڈیوں میں کانگو سے بچاؤ کیلئے جانوروں پر اسپرے کا عمل بھی جاری ہے بلکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے منڈیوں کیلئے مقر ر کردہ مقامات کی بجائے کسی اور جگہ مویشیوں کی خرید وفروخت کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

کوئٹہ میں لگائے جانے والے منڈیوں میں ملک بھر سے بیوپاری ،بیل ،گائے ،بھینسیں ،اونٹ ،بھیڑ ،بکریاں بڑے پیمانے پر لیکر آئے ہیں جبکہ کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں بھی لگائے جانے والی منڈی میں جانوروں ،خریداری کرنیوالوں اور بیوپاریوں کی زبردست رش کش دیکھنے کو مل رہی ہے ۔