|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2017

کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک بیرونی و اندرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے چار میں سے تین ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات عدم اعتماد کی وجہ سے غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے امریکہ بہادر کے صدر نے جن خدشات کا اظہار کیا ہے ان پر سنجیدگی سے نہ سوچا گیا تو حالات مزید ابتری کی طرف گامزن ہوجائے گا ۔

حالات یہی رہے تو شاید ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری دوستی کا دعوی کرنے والے اور سعودی عرب بھی ایک دن حساب کا ہم سے تقاضا کرے جبکہ اندرونی طور پر بھی 70 سال گزرنے کے باوجود ہم اداروں کے اختیارات اورحدود کا تعین نہ کر سکے حکمران مقتدر قوتیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہیں جو کسی صورت ملک عوام اور مستقبل کے لئے نیک شگون نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز چمن میں عوامی نیشنل پارٹی میں نے شمولیت کرنے والوں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلعی صدر اسد خان اچکزئی تحصیل چمن صدر گل باران نے خطاب کیا۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ شروع دن سے ریاست یہ تصور دیتا رہا ہے کہ یہ ایک اسلامی فلاحی ریاست ہوگااور فوجی طاقت کے بل بوتے پر آگے بڑھتا رہے گا لیکن 70 سالہ سفر میں ہم فلاحی ریاست کی بجائے سکیورٹی سٹیٹ میں تبدیل ہوگئے یہ اچانک اور یک دم نہیں ہوا بلکہ اس پر مخصوص مائنڈ سیٹ نے کام کر کے حالات اس نہج پر پہنچا دیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوری قوتوں کی بجائے ابن الوقت مصنوعی موقع پرست گروہوں کو آگے لایا گیا جس کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت اور جمہوری ادارے کمزور ہوتے گئے اوراس کمزور جمہوریت کو موقع دینے سے گریز کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین شروع دن سے خبردار کرتے رہے اورہمسایوں سے متعلق اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر کاربند رہنے کی بات کرتے رہے لیکن افسوس کہ اس پر عمل نہ ہوسکا ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود حالات کا حقیقی اور باریک بینی سے جائزہ نہیں لیں گے اور خود احتسابی اور ماضی کی غلط پالیسیوں کی ازسر نو جائز نہیں لینگے حالات بہتری کی بجائے مزید ابتری کی طرف گامزن ہوں گے ۔

اصغر خان اچکزئی نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے کے اقتدار کے بغیر پشتون اولس پارٹی صفوں کا حصہ بن رہے ہیں اور یہ نیک شگون ہے پارٹی قیادت قومی معاشی اہداف پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی حور ملک کے اندر محکوم و مظلوم اقوام کے غصب شدہ وسائل پر دسترس دلانے کے لیے جمہوری جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔