|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2017

کوئٹہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان اور امریکہ کی نئی پاک افغان پالیسی کے خلاف بلوچستان بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔کوئٹہ،قلعہ عبداللہ،چمن،پشین، ہرنائی،ژوب، لورالائی، بارکھان، ڈیرہ بگٹی،کوہلو، سبی،مچھ ، نوشکی ،چاغی،نوکنڈی،تفتان،اوستہ محمد،گوادر،تربت،پنجگور سمیت دیگر شہروں میں مذہبی وسیاسی جماعتوں ، بلوچ پشتون قبائل، مزدور ،تاجر، اساتذہ اور طلباء انجمنوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی جانب سے ’’امریکا مردہ ‘‘ریلیوں،مظاہروں اور جلسوں کا انعقاد کیاگیا۔ 

مظاہرین نے امریکی صدر، بھارتی وزیراعظم کے پتلے ، تصاویر اور امریکی و بھارتی پرچم نذر آتش کئے۔ مظاہرین نے امریکی کی پاکستان دشمن پالیسی ، امریکی و بھارتی گٹھ جوڑ کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین کا کہنا تھاکہ امریکی دھمکی آمیز بیان کا حکومتی سطح پر سخت جواب دیا جائے۔ تفصیل کے مطابق کوئٹہ میں تحریک آزادی کشمیر سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے مشترکہ ریلی اور مظاہرے کا انعقاد کیاگیا۔ شاہراہ اقبال پر منان چوک کے قریب جلسہ منعقد کیاگیا ۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے جماعۃ الدعوۃ ، جماعت اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کاکہناتھاکہ افغانستان اور پاکستان دو برادری اسلامی ممالک ہے جہاں کی وعام کے ایک دوسرے سے اسلامی ،ثقافتی ،علاقائی اور خونی رشتے قائم ہیں لیکن امریکہ ،بھارت ،اسرائیل اور دیگر طاغوتی قوتوں کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ دونوں برادر اقوام کی فورسز اور عوام کے درمیان نفرتوں کو پروان چڑھا کر مذموم مقاصد حاصل کئے جائیں لیکن ایسا نہیں ہوگا بلکہ امریکہ کو بھی روس کی طرح منہ کی کھانی پڑے گی ۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ اورنیٹو فورسز کو بھی روس کی طرح شکست فاش ہوچکی ہے جس سے خائف ہوکر امریکی صدر نیٹوفور سز کے افغانستان میں سربراہ اوردیگر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں اور دنیا کو تاثر دے رہے ہیں کہ انہیں شکست نہیں ہوئی بلکہ وہ اپنی ناکامی کا الزام دوسروں پر تھوپنا چاہتے ہیں امریکی صدر کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے اڈے قائم کرنے کا الزام سورج کو انگلی سے چھپانے کے مترادف ہے۔

پاکستانی قوم اور افواج نے 70ہزار جانوں کی قربانی دی ہے لیکن ان قربانیوں کااعتراف کرنے کی بجائے پاکستان اور افواج پاکستان پر الزامات عائد کئے جارہے ہیں جو کسی طور پر بھی پاکستانی قوم کو قابل قبول نہیں آج کی کامیاب ریلی اور مظاہرے نے ثابت کیاہے کہ پاکستانی قوم امریکہ بھارت اور اسرائیل جیسے طاغوتی قوتوں کے خلاف متحد ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

اس موقع پر امریکی پرچم کو بھی نذر آتش کیا گیا کوئٹہ کے علاوہ پاکستان کے سرحدی شہر چمن میں بھی سیاسی ومذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی وتاجر برادری کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پرمقررین کاکہناتھاکہ افغانستان ،امریکہ اور نیٹو فورسز کا قبرستان بن چکاہے اور انہیں شکست ریخت کاسامناہے تاہم وہ حقیقت تسلیم کرنے کی بجائے پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں جو قابل قبول نہیں ہے ۔

پاکستانی عوام ،سیاسی ومذہبی جماعتیں ،تاجر برادری ،طلباء ،علماء کرام ،اساتذہ سمیت ہر شعبے کے لوگ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وہ پاک سرزمین پر آنے والی ہر آفت اور آزمائش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ۔

دریں اثناء خضدار میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کے خلاف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان ،تاجر برادری ،لیبر یونینز ،ٹریڈ یونینز ،طلباء اور عوام نے مشترکہ احتجاج کیا۔ 

دو تلوار سے قومی شاہراہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ریلی سلطان ابراہیم خان روڈ سے گزرتی ہوئی قومی شاہراہ پر جلسہ عام کی شکل اختیار گر گئی۔ جلسہ عام سے مسلم لیگ ن کے جاوید سوز ، جے یو آئی کے رہنمامولانا محمد صدیق مینگل ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے حیدر زمان بلوچ ، بلوچستان نیشنل موومنٹ کے راہنماشیر احمد بلوچ ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے ضلعی اارگنائزرڈاکٹر حضور بخش زہری نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ،عتیق الرحمن ساجدی ، جے یو پی کے مولانا محمد قاسم قاسمی ، پاکستان تحریک انصاف کے حافظ غلام نبی ، بلوچستان نیشنل پورٹی کے ماسٹر عبدالخالق غلامانی ، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدرخالد محمود ایڈووکیٹ ، مزدور اتحاد کے صابر حسین قلندرانی ،میر طارق زنگیجو ، انجمن تاجران کے نائب صدر بشیر احمد جتک ،اور دیگر نے خطاب کیا ۔


مقررین نے اپنے خطاب میں امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب عالمی طاقت بن چکا ہے جسے گیدڑبھبکیوں سے ڈرانے کا وقت گزر گیا ،پاکستان ایٹمی طاقت ہے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے اپنے انجام کی فکر کریں، بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتیں ،طلباء تنظیمیں ،ٹریڈ یونین اور عوام الناس عرض پاک کی حفاظت کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہونگے ،ہمارے اندرونی مسائل اپنی جگہ جب بات پاکستان کی آتی ہے تو ہم سب ایک دل اور ایک جان ہیں ۔

جو پاکستان کے خلاف انگلی اٹھائے گا وہ ہمارا دشمن ہے اس کے خلاف ہم ہر طرح سے مزاحمت کرینگے ،امریکہ ویت نام میں اپنے انجام اور افغانستان میں اپنی شکست سے سبق حاصل کریں ۔

پاکستان ان دونوں ممالک سے قطعی مختلف ہے اگر پاکستان کے خلاف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی گئی تو ہم ایسے عناصر کی آنکھیں نوچیں گے ۔احتجاجی ریلی اور جلسہ کے دوران شرکاء نے امریکی صدر اوراسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔قلات میں بھی امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی ۔

قلات میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام مدرسہ تجوید القران بازار سے ریلی شروع ہوئی اور شہر کے مختلف سڑکوں پر مارچ کے بعد شرکاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولا نا محمود شاہ ،سردار اسد شاہوانی ،مولانا غلام اکبر پندرانی ،حافظ فضل الرحمان عادل ،مولانا عبدالرحمان رحمانی اور دیگر نے کہا کہ امریکہ کبھی بھی پاکستان کا خیر خواہ نہیں رہا،ہمیشہ دوستی کی آڑ میں پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ سے تمام تعلقات ختم کردیئے جائیں۔

امریکہ ہی کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی پھیلی جس کے نتیجے میں سکورٹی فورسز کے جوانوں سمیت ہزاروں افراد لقمہ اجل بنے اور ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ۔نصیرآباد کے ضلعی ہیڈکوارٹر ڈیرہ مراد جمالی میں نکالی گئی ریلی کی قیادت ڈاکٹر محمد اسحاق بگٹی نے کی۔

امریکہ اور بھارت مردہ باد ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم لہراتے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوے مین بازار قومی شاہراہ کا گشت کیا اور ڈی سی چوک پہنچ کر امریکی بھارتی پرچم ،ٹرمپ اور مودی کے پتلے نظر آتش کئے ۔

اس موقع پر قبائلی رہنماء ڈاکٹر محمد اسحاق بگٹی ،صابر حسین بگٹی،مولانا عبدالحکیم انقلابی،ہارون رشید چکھڑا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور محب وطن ہیں اور وہ وطن عزیز کے خلاف ہونے والے تمام تر سازشوں کا بھر پور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور بلوچ قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے انھوں نے کہا کہ آج کی اس ریلی کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہی کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دیں ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

کوہلو میں امریکی صدر ڈولنڈٹرمپ کی دھمکیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ بینک چوک سے ریلی کے شرکاء نے گشت شروع کیا اور شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ٹریفک چوک میں احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ کیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اور بینرز و پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکا کے خلاف اور پاکستان و افواج پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے ۔

مظاہرین نے امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔اس موقع پر قبائلی و سیاسی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں ، امریکا الزام لگانے سے پہلے اپنے ماضی دیکھ لیں، افغانستان میں بھارت کو کردار دینے سے امریکا اپنی شکست فتح میں بدل نہیں سکا ۔ٹرمپ دنیا کو ریسلنگ کا اکھاڑا نہ سمجھے ۔اگر امریکا پاکستان کے مقابلے پر آیا تو بدترین شکست سے دوچار ہوگا ۔مظاہرین نے ٹرمپ کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔

بولان کے علاقے مچھ میں بھی شہریوں ،سیاسی مذہبی اور تعلیمی اداروں کے زیر اہتمام امریکی دھمکیوں کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔جامع مسجد مچھ سے برآمد ہونے والی ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد اور امریکہ پالیسی نامنظور ٹرمپ مردہ باد کے نعرہ لگارہے تھے۔ چورانکی چوک مچھ پہنچنے پر جلسہ منعقد کی اگیا۔

اس موقع پر جے یو آئی کچھی کے رہنماء وائس چیئرمین ایم سی مچھ مولانا عبدالصمد شاہوانی ،جی ٹی اے مچھ کے رہنماء عبدالرحمان خلجی ،پی پی پی کے ضلعی صدر عبدالرشید ابڑو ،رمضان زیب ،پی ٹی آئی مچھ کے رہنماء اورنگ وقار سمالانی ،سلطان جان بادینی ،میر نادر سمالانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے امریکی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

مقررین نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، پاکستانی عوام اور فوج کی قربانیوں کو فراموش کرنے سے امریکہ کا اصلی چہرہ عیاں ہوگیا ہے ،امریکہ خود دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے ۔

افغانستان میں اپنی شکست دیکھ کرامریکہ پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے ۔ہرنائی کے قبائلی معتبرین سماجی تنظیموں سکول کے طلباء سمیت سول سوسائٹی نے امریکی صدرٹرمپ مرد امریکہ مردہ ریلی نکالی جس کی قیادت تحریک انصاف کے رہنماء صدام ترین نے کی۔ 

احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں بلوچ ، پشتون قبائل کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے امریکی پرچم اور امریکی صدر ٹرمپ کا پتلا نذرآتش کیا ۔احتجاجی مظاہرہ سے صدام ترین و دیگر قبائلی معتبرین نے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی صدرٹرامپ کے الزامات اپنی شکست چھپانے کی ناکام کوشش ہے ،انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان کو افغانستان سمجھنے کی غلطی نہ کرے ،پاکستان امریکی فوج کا قبرستان بنے گا۔امریکہ نے کوئی مہم جوئی کی تو پاک فوج اور قوم اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔ 

قلعہ عبداللہ بازار میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ اور افغانستان میں نیٹو کے کمانڈر جنرل نکلسن کے پاکستا ن کے خلاف پالیسی بیانات کے خلاف قلعہ عبداللہ میں سول سوسائٹی اور جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی نے ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ 

مظاہرین سے سماجی وقبائلی رہنما قدیر درانی ،جمعیت علما ء اسلام کے ضلعی رہنما مولوی فضل کرم ،مولوی عصمت اللہ ،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما حاجی مرادخان نے خطاب کیا اورامریکی سے امداد کی وصولی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہ اکہ وقت آگیا ہے کہ اب امریکہ سے تعاون کا باب بند کیا جائے۔ امریکہ سے کوئی امداد وصول نہ کی جائے ، زندہ قومیں اغیار کی جانب دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل خود خل کرتی ہیں۔ 

پاکستان پرامن دنیا کے مشترکہ خواب کی تعبیر کیلئے بہت قربانیاں دے چکا ہے۔ امریکا کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہیں۔ ۔ ژوب میں پاکستان مخالف امریکی بیان کے خلاف قبائلیوں اور سول سوسائٹی کے زیراہتما م ریلی میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے علاوہ سکول اور کالج طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے امریکی اور بھارتی جھنڈا زمین پر گھیسٹا اور اس پر جوتے برسائے۔ ریلی شرکاء نے شہر کے مختلف شاہراوٗں پر مارچ کیا اور آخر میں شیخ عمران شہید چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

احتجاجی مظاہر سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت نظریاتی کے ضلعی امیر مولوی عبد الحنان، عبد الستار کاکڑ ،فضل امین مندوخیل ،عبد الرحیم مندوخیل، سید افضل شاہ اور دیگر نے کہا کہ امریکہ کو پتہ ہونا چاہیے کہ آج کے پاکستان اور کل کے پاکستان میں زمین آسمان کا فرق ہے اور نہ آج کے پاکستان کہ امریکہ کی امداد کی ضرورت ہے آج اگر اس خطے بلکہ پوری دنیا میں جو دہشتگردی ہے اس کے ذمہ دار امریکہ اور انڈیا ہے ہم تو دہشتگردی کے خلاف زبردست جنگ میں مصروف ہے اور کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان کمزور ہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ سے ہر قسم کے تعلقات ختم کئے جائیں۔ 

پشین میں سول سوسائٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی قائد اعظم چوک پر احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرگئی ۔مظاہرین نے امریکی صدر ٹرمپ کے پتلے کو نذر آتش کرکے پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی کی۔

ریلی میں سیاسی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ ٹرمپ کا بیان حقیقت کے بر عکس ہے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں لازوال ہیں ،ٹرمپ وہی زبان استعمال کررہا ہے جو بھارت پاکستان کیخلاف استعمال کرتا ہے ۔

دنیا کا کوئی بھی ملک افغانستا ن میں امن کیلئے پاکستان سے زیادہ کردار ادا نہیں کرسکتا ۔پاکستان کمزور ملک نہیں جسے دھمکی دی جائے ۔پاکستان کے عوام عوام دہشت گردی اور انتہاء پسندی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔فوج اور عوام کی قربانیوں ہی کیوجہ سے پاکستان میں امن آیا ہے ۔امریکہ کے بیان سے ڈرنے والے نہیں ۔امریکہ بھارت کے کہنے پر پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے امریکہ نے جو دنیا بھر میں دہشتگردی کا جو بازار گرم کر رکھا ہے انہی کے بدولت دنیا میں دہشتگرد پیدا ہوتے ہیں ۔



دالبندین میں امریکی صدر کے خلاف بابا ئے چاغی پینل، تحریک انصاف ،جمعیت علماء اسلام و دیگر مکاتب کی طرف سے ایک ریلی نکالی گئی ۔یہ ریلی دالبندین بازار سے ہوتے ہوے دالبندین چوک پہنچنے پر ایک جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔

جلسہ سے بابائے چاغی پینل کے رہنما الیاس نوتیزئی ،تحریک انصاف چاغی کے ترجمان شیر زمان محمد حسنی ،تحریک انصاف کے نائب صدر ضیاء اللہ نوتیزئی ،اسماعیل خان نوتیزئی ،جے یو آئی عبدالقدیر ودیگر نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہے ،امریکہ اور بھارت کا گٹھ جوڑ بن چکا ہے ، ہمیں افغانستان نہ سمجھا جائے ، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے ۔

دراثناء پاک ایران سر حدی شہر تفتان میں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے متعلق بیان کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا ۔ ریلی کی قیادت یوسی چیئر مین تفتان حاجی نواب خان موسیٰ زئی نے کی ۔

مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسکے یار نریندر مودی کے پتلا اٹھا رکھے تھے ۔ مظاہرین نے دونوں کے پتلوں پر خوب ڈنڈے بر سائے اور غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین سے یوسی چیئر مین تفتان نواب خان موسی زئی اور ماسٹر خادم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمیں امریکہ کی امداد کا کوئی ضرروت نہیں ہے ہم پاک فوج کے ساتھہیں، ہم اپنے ملک کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔


نوکنڈی میں بھی امریکی صدر ڈولنڈٹرمپ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بلدیاتی کونسلران سمیت شہریوں نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پرڈولنڈٹرمپ،امریکہ بھارت مردہ باد سمیت مختلف نعرے درج تھے ۔

ریلی کے اختتام پر مظاہرین نے امریکہ کے صدر ڈولنڈٹرمپ کے پتلے کو نذر آتش بھی کیا۔پنجگور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ کے پاکستان مخالف بیان کے خلاف جاوید چوک سے ریلی نکالی گئی۔ 

پنجگور بازار کے اہم شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے شرکاء بسم اللہ چوک پہنچے جہاں مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے کو نذر آتش کیا ۔ریلی کی قیادت کامران اسماعیل نے کی جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ریلی کے شرکا نے امریکہ مخالف اور افواج پاکستان کی حمایت میں پلے کارڈ بھی اتھا رکھے تھے ۔

ریلی کے شرکاء نے امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار اور آزاد ملک ہے پاکستانی شہری اپنے وطن کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔تربت میں امریکی صدر کے دھمکی آمیز بیان کے خلاف چاکر اعظم چوک پر مظاہرہ کیا گیا۔ 

امریکہ اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ مظاہرے سے سیاسی رہنماؤں نواب شمبے زئی ، لالہ رشید دستی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پالیسیاں افغانستان میں ناکام ہوچکی ہیں، اپنی ناکامی کا غصہ پاکستان پر نکالنا بیوقوفی ہے ۔

 امریکی صدر کاحالیہ دھمکی آمیز بیان پاکستان کے عوام کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے تمداف ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں ۔پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے جسے دھمکیوں سے زیر نہیں کیا جاسکتا۔ 

انہوں نے کہ اکہ امریکی اور بھارتی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا۔چمن میں بھی امریکی صدر کے خلاف قبائلی و سیاسی رہنماؤں ، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ریلی نکالی ۔نوشکی، ماشکیل ،بارکھان، گوادر، اوستہ محمد اور دیگر شہروں میں بھی ریلی اور مظاہرے کا انعقاد کیاگیا۔