کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے آپریشن میں مصروف عمل سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہاہے ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ایف سی ،پولیس اورلیویز صوبے میں امن کے قیام کویقینی بنانے کیلئے دہشت گردوں ، شرپسندوں اورفسادیوں کو کیفرکردارتک پہنچانے کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بھرپورکاروائیاں کررہی ہیں۔حالیہ دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں ہماری فورسز کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آج صوبے کے ایسے علاقوں میں بھی سیکیورٹی فورسز موجود ہیں جہاں ماضی میں پہنچنے کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتاتھااوردہشت گردوں نے ان علاقوں میں محفوظ پناہ گاہیں قائم کررکھی تھیں جہاں سے دہشت گردی کی کاروائیاں کرائی جاتی تھیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں دہشت گردوں سے مرعوب ہوئے بغیر ان کا بھرپورمقابلہ کیاجارہاہے پہلے دہشت گردیقانون نافذ کرنے والے اداروں کے پیچھے ہوتے تھے لیکن اب ہماری فورسز دہشت گردوں کاہرجگہ پیچھاکرکے انہیں ان کے انجام تک پہنچارہی ہیں اوردہشت گردوں کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ امن وامان کی صورتحال کی بہتری سے نہ صرف عوام نے سکون کا سانس لیاہے بلکہ کاروباری وتجارتی حلقوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہواہے جوصوبے کی معیشت کی بہتری کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے امن قائم ہوگا تو ترقی بھی آئے گی اورعوام کی فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبے بھی بروقت پایۂ تکمیل تک پہنچیں گے۔
بلوچستان میں دہشتگردوں کے محفوظ پنا ہ گاہیں ختم کر دی گئیں ہیں ،نواب ثناء اللہ زہری
وقتِ اشاعت : August 29 – 2017